ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق بڑی خبر آگئی

ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق بڑی خبر آگئی

سندھ ڈرائیونگ لائسنس سسٹم (ڈی ایل ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال شہریوں میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کا رجحان گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں بڑھ گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ اس سال مجموعی طور پر 5 لاکھ 44 ہزار 196 شہریوں نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا، جو گزشتہ سال کے 4 لاکھ 39 ہزار 626 لائسنسز کی نسبت ایک لاکھ سے زائد زیادہ ہیں۔

ڈی ایل ایس نے مزید کہا کہ آن لائن جاری ہونے والے ڈرائیونگ لائسنسز کی تعداد بھی بڑھ کر 4 لاکھ 12 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جو جدید آن لائن سہولیات اور عوام کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔

آن لائن سسٹم نے شہریوں کے لیے لائسنس حاصل کرنے کے عمل کو تیز اور آسان بنایا ہے، جس سے شہریوں کی بڑی تعداد نے اس سہولت سے فائدہ اٹھایا ہے۔

حکام نے بتایا کہ خواتین میں بھی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کا رجحان بڑھ رہا ہے ، گزشتہ سال 9 ہزار 993 خواتین نے لائسنس حاصل کیا، جبکہ اس سال یہ تعداد 11 ہزار 474 تک پہنچ گئی ہے، جس سے خواتین کی ڈرائیونگ میں دلچسپی میں اضافہ واضح ہوتا ہے۔

اب تک 3 لاکھ 67 ہزار 172 شہریوں کو لرنر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں ، اس کے علاوہ 31 ہزار 593 شہریوں نے گھر بیٹھے آن لائن سسٹم کے ذریعے اپنے پرماننٹ ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروائی۔

28 ستمبر 2024 سے فعال آن لائن نظام کے تحت 13 ہزار 582 شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آن لائن سروسز کی دستیابی اور شہریوں میں آگاہی کی وجہ سے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے عمل میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، مستقبل میں اس رجحان کے بڑھنے کی توقع ہے۔

editor

Related Articles