ایک طرف سندھ حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کے بڑے بڑے دعوے کیے جاتے ہیں تو دوسری جانب ضلع تھرپارکر میں بنیادی سہولیات کا نظام دم توڑ رہا ہے اور علاقے کی صورتحال حکمرانوں کی غفلت اور نااہلی واشگاف الفاظ میں دہرا رہی ہے ۔
حال ہی میں سامنے آنیوالی ایک ویڈیو میں تعلقہ کلوئی میں سرکاری ڈسپنسری گزشتہ دس سال سے غیر فعال پڑی ہے جس سے دیہی آبادی بنیادی علاج معالجے سے محروم ہے، جبکہ اسلام کوٹ میں گورنمنٹ ولی ترجو اسکول کی بوسیدہ اور خستہ حال عمارت معصوم بچوں کی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔
علاج سے محرومی اور محکمہ صحت کی مجرمانہ غفلت
تعلقہ کلوئی کے دیہی علاقوں میں سرکاری ڈسپنسری کا پورے دس سال تک بند رہنا محکمہ صحت کی صریح غفلت اور بدانتظامی کا کھلا ثبوت ہے، دور دراز اور پسماندہ دیہات کے غریب مکین معمولی بیماریوں کے علاج کے لیے بھی در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، جبکہ اربابِ اختیار کی مسلسل خاموشی نے عوام کے غصے اور مایوسی کو مزید بھڑکا دیا ہے۔
خستہ حال اسکول اور بچوں کا داؤ پر لگا مستقبل
اسلام کوٹ میں گورنمنٹ ولی ترجو جوہ اسکول کی عمارت کی ٹوٹ پھوٹ اور خستہ حالی نے والدین اور مقامی افراد کو شدید خوف و تشویش میں مبتلا کر دیا ہے ، سامنے آنے والے مناظر میں عمارت کی زبوں حالی اور لاپرواہی کا عکس صاف دکھائی دیتا ہے، جس سے یہ کڑوا سوال جنم لیتا ہے کہ آیا ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کسی بڑے جانی نقصان کے انتظار میں بیٹھے ہیں؟
صبوں کی تقسیم کی مخالفت ،محروم علاقوں کو پہنچنے والا نقصان
سیاسی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے نئے انتظامی یونٹس اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کی مخالفت کا براہِ راست نقصان تھرپارکر جیسے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو اٹھانا پڑ رہا ہے ۔
اختیارات اور وسائل کے ایک ہی مرکز میں سمٹے رہنے کے باعث مقامی مسائل پر فوری توجہ نہیں دی جاتی، جس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ نہ تو دس سال سے بند پڑی ڈسپنسری کھل پاتی ہے اور نہ ہی خستہ حال اسکولوں کی بروقت مرمت ممکن ہوتی ہے، اور یوں مقامی آبادی بنیادی انسانی سہولیات سے مسلسل محروم چلی آ رہی ہے۔
تھرپارکر میں ایک دہائی تک ڈسپنسری کا بند رہنا اور خستہ حال اسکول میں معصوم بچوں کا بیٹھنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کاغذی ترقیاتی دعوؤں اور زمینی حقیقت کے درمیان زمین آسمان کا فرق ہے ، جب بنیادی صحت اور بچوں کے محفوظ تعلیمی ماحول جیسے اہم معاملات پر بھی محکمہ صحت، محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت برقرار رہے، تو سرکاری کارکردگی اور احتساب کے نظام پر سنگین سوالات اٹھنا ناگزیر ہیں ۔
جب تک محض اعلانات اور فوٹو سیشنزاور صوبوں کی تقسیم سے متعلق اقدامات پر غور نہیں کیا جاتا، تب تک پسماندہ علاقوں کے عوام کی محرومی اور بچوں کی جانوں پر منڈلاتا خطرہ یونہی برقرار رہے گا۔