آزاد جموں و کشمیر پولیس کے شہید کانسٹیبل محمد ارباب کی نماز جنازہ 22 نومبر کو سہ پہر 3 بجے دانہ، تحصیل پلندری، ضلع سدھنوتی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ مولانا سعید یوسف نے پڑھائی، جس میں شہید کے اہل خانہ، عزیز و اقارب اور دیگر افراد نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد سہ پہر 3 بج کر 10 منٹ پر آزاد جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے شہید کانسٹیبل کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ان کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات ضلع سدھنوتی کی تحصیل پلندری کے علاقے گلی جھنڈا بگلا بازار میں فائرنگ کے واقعے میں پولیس کانسٹیبل محمد ارباب اور کانسٹیبل ذاکر حسین شاہ زخمی ہوگئے تھے۔ واقعے کے دوران دونوں اہلکاروں کو گولیاں لگی تھیں۔
شدید زخمی کانسٹیبل محمد ارباب کو گزشتہ رات علاج کے لیے پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کیا گیا تھا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 22 نومبر کی صبح شہادت کے منصب پر فائز ہوگئے۔
واقعے کے بعد سدھنوتی اور ملحقہ علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شرپسند عناصر کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ حکام کے مطابق واقعے میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے پرامن علاقوں میں معمولات زندگی متاثر کرنے، شہریوں کو خوف زدہ کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
