سکول ویران ، تنخواہیں جاری !خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں 1916 غیر حاضر اساتذہ کیخلاف کارروائی کا فیصلہ، تین دن میں وضاحت طلب

سکول ویران ، تنخواہیں جاری !خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں 1916 غیر حاضر اساتذہ کیخلاف کارروائی کا فیصلہ، تین دن میں وضاحت طلب

خیبرپختونخوا میں باتیں نہیں عملی اقدامات جاری ہیں ، صوبے کے 12 اضلاع میں محکمہ تعلیم کی جانب سے گھر بیٹھے تنخواہیں لینے والے اساتذہ کے گرد شکنجہ کس دیا گیا ۔ 

خیبرپختونخوا کے ایمرجنسی متاثرہ 12 نامزد اضلاع میں مسلسل اور غیر مجاز طور پر غیر حاضر رہنے والے 1916 اساتذہ کے خلاف تادیبی کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جن میں 1042 خواتین اور 874 مرد اساتذہ شامل ہیں۔

حکام کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری یحییٰ اخونزادہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران (ڈی ای اوز) کو ہدایت کی گئی کہ وہ غیر حاضر اساتذہ سے تین روز کے اندر تحریری وضاحت طلب کریں۔

اجلاس میں یہ بھی حکم دیا گیا کہ تسلی بخش جواب نہ دینے والے اور مسلسل غیر حاضر رہنے والے اساتذہ کے خلاف سرکاری قواعد کے تحت سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں : 13سالہ اندھیر نگری اور لوٹ مار کا حساب شروع، ثمر ہارون بلور کا محکمہ ریلیف میں پی ٹی آئی دور کی تمام بھرتیوں اور فنڈز کا مکمل ریکارڈ طلب کرنے کا ہنگامی حکم

رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ 419 اساتذہ شمالی وزیرستان میں غیر حاضر پائے گئے، جبکہ بنوں میں 348، جنوبی وزیرستان اپر میں 243، ڈیرہ اسماعیل خان میں 204 اور لکی مروت میں 150 اساتذہ غیر حاضر رہے۔

 اسی طرح کرم میں 130، خیبر میں 114، باجوڑ میں 88، مہمند میں 70، اورکزئی میں 66، ٹانک میں 52 اور جنوبی وزیرستان لوئر میں 32 اساتذہ کی غیر مجاز غیر حاضری کی رپورٹ سامنے آئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق غیر حاضر اساتذہ میں سب سے زیادہ تعداد پرائمری اسکول ٹیچرز (پی ایس ٹی) کی ہے جن کی تعداد 620 بتائی گئی ہے ، اس کے علاوہ غیر حاضر عملے میں 288 پرائمری اسکول ہیڈ ٹیچرز، 153 سی ٹی اور 121 ایس ایس ٹی جنرل اساتذہ بھی شامل ہیں۔

نئی انتظامیہ کی یہ مستعدی اور فوری ایکشن اس بات کا ثبوت ہے کہ تعلیمی نظام کی بہتری اور بچوں کے مستقبل کا تحفظ اب محض فائلوں تک محدود نہیں رہا ،  متعلقہ حکام کی جانب سے غیر حاضر اساتذہ کے خلاف بروقت قدم اٹھانا ایک خوش آئند اور اصلاحی پیش رفت ہے، جو اداروں میں احتساب اور ذمہ داری کے کلچر کو مضبوط کرنے کی علامت ہے ، امید ہے کہ یہ مؤثر کارروائی نہ صرف اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری اور تدریسی عمل کو یقینی بنائے گی، بلکہ متاثرہ اضلاع کے بچوں کے لیے تعلیم کا ایک مضبوط اور بااعتماد ماحول بھی پیدا کرے گی۔

editor

Related Articles