ذاتی سودے بازی کی خاطر بیانیے کی نیلامی، کے پی میں 13برس کی تباہی بھلا کر فضل الرحمان کو اچانک معدنیات یاد آ گئیں

ذاتی سودے بازی کی خاطر بیانیے کی نیلامی،  کے پی میں 13برس کی تباہی بھلا کر فضل الرحمان کو اچانک معدنیات یاد آ گئیں

خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی تجویز سامنے آنے سے پہلے مولانا فضل الرحمٰن اپنی تقریروں، جلسوں اور پریس کانفرنسوں میں مسلسل صوبے کی خراب امن و امان کی صورتحال پر تنقید کرتے رہے۔ ان کا مؤقف تھا کہ صوبے میں حکومتی رٹ ختم ہو چکی ہے، شام کے بعد لوگ سڑکوں پر نکلنے سے خوفزدہ ہیں اور پولیس اہلکار وردیاں اتار کر گھروں میں بیٹھ گئے ہیں، لیکن صوبائی حکومت سے کوئی بازپرس کرنے والا نہیں۔

تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر گورنر راج کی تجویز سامنے آنے کے بعد مولانا فضل الرحمٰن کے سیاسی بیانیے کا رخ تبدیل ہوتا دکھائی دیا۔ اب ان کی گفتگو میں امن و امان کے بجائے صوبے کے معدنی وسائل اور ان پر اختیار کا معاملہ نمایاں ہو گیا ہے۔

یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر خیبرپختونخوا میں واقعی حکومتی رٹ ختم ہو چکی تھی اور امن و امان کی صورتحال اس قدر خراب تھی تو پھر اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت کے ممکنہ اقدام کی مخالفت کیوں کی جا رہی ہے؟

مولانا فضل الرحمٰن آج جس تحریک انصاف کی حمایت کرتے دکھائی دے رہے ہیں، خیبرپختونخوا میں گزشتہ 13 برس سے اسی جماعت کی حکومت رہی ہے۔ کیا اس دوران مولانا نے کبھی یہ سوال اٹھایا کہ صوبے کے معدنی وسائل سے حاصل ہونے والے فوائد عوام تک پہنچے یا نہیں؟ تعلیم، صحت، روزگار اور عوام کے معیار زندگی میں کتنی بہتری آئی؟

اگر صوبے کے معدنی وسائل ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ تھے تو گزشتہ 13 برس کے دوران خیبرپختونخوا کے عوام کو ان کے ثمرات کیوں نہ مل سکے؟ مولانا فضل الرحمٰن کو واضح کرنا ہوگا کہ کل ان کا اعتراض صوبے میں امن و امان کی خراب صورتحال پر تھا تو آج ان کی مخالفت کا مرکز معدنیات کیوں بن گئی ہیں؟

اب سیاسی مؤقف کی تبدیلی کے ساتھ عوامی سوالات بھی ختم نہیں ہو جاتے۔ ذاتی سیاسی مفادات کے تحت بیانیہ تبدیل کیا جا سکتا ہے، لیکن گزشتہ 13 برس کی حکمرانی، صوبے کی کارکردگی اور عوام کو ملنے والے ثمرات سے متعلق سوالات اپنی جگہ موجود ہیں۔

editor

Related Articles