امریکا کا تحقیقاتی ادارہ ایف بی آئی ایک بار پھر ہیکرز کے نشانے پر آگیا۔ اس بار سائبر حملہ آوروں نے ایسے اہم ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل کرلی جسے امریکا بھر کی پولیس روزانہ مشتبہ افراد، وارنٹس اور مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ کے لیے استعمال کرتی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ایف بی آئی اپنے نیشنل کرائم انفارمیشن سینٹر (این سی آئی سی) میں ہونے والی مبینہ ہیکنگ کی تحقیقات کررہا ہے۔ اس معاملے سے باخبر دو افراد نے اس سائبر حملے کی تصدیق کی ہے۔
این سی آئی سی امریکا کے وفاقی، ریاستی اور مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آپس میں منسلک کرتا ہے۔ پولیس اس نظام کے ذریعے گرفتاری کے وارنٹس، مجرمانہ ریکارڈ اور دیگر اہم معلومات کا تبادلہ کرتی ہے۔ اسی وجہ سے اس ڈیٹا بیس میں غیر مجاز رسائی کو امریکی سکیورٹی نظام کے لیے ایک اہم خطرہ قرار دیا جارہا ہے۔
تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ حملے کے پیچھے کون سا گروپ ملوث ہے اور ہیکرز نے کسی حساس معلومات کو چوری بھی کیا ہے یا نہیں۔
چند ماہ میں ایف بی آئی پر دوسرا حملہ
یہ چند ماہ کے دوران ایف بی آئی کے نظام پر دوسرا بڑا سائبر حملہ ہے۔ اس سے قبل ستمبر میں شائنی ہنٹرز نامی ہیکر گروپ نے ایف بی آئی کی ملازمتوں سے متعلق ویب سائٹ کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں ادارے کے ملازمین کا حساس ذاتی ڈیٹا خطرے میں پڑ گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد کینیڈا کے ایک سائبر سکیورٹی محقق اور مصنف کو گرفتار کرکے ان پر الزامات عائد کیے گئے۔
اس سے پہلے 2023 میں بھی ہیکرز نے ایف بی آئی کے نیویارک فیلڈ آفس کے ایک کمپیوٹر سسٹم تک رسائی حاصل کرلی تھی۔ یہ نظام بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق تحقیقات میں استعمال ہوتا تھا اور اس میں جیفری ایپسٹین کیس سے منسلک تصاویر بھی محفوظ تھیں۔
امریکی سائبر سکیورٹی پر نئے سوالات
ایف بی آئی پر تازہ حملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی حکومت ملک کے سائبر سکیورٹی نظام پر عوامی خدشات کم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ حالیہ عرصے میں بینکوں، نیشنل سکیورٹی ایجنسی اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے نظاموں میں بھی بڑے پیمانے پر تعطل کے واقعات سامنے آئے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ نئے سائبر حملے کی اطلاع سامنے آنے کے بعد جمعرات کو ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ادارے کی سائبر سکیورٹی کارکردگی کا دفاع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارہ خطرات سے آگے رہنے اور گزشتہ کوتاہیوں کا ازالہ کرنے کے لیے کام کررہا ہے۔
تاہم تازہ واقعے نے ایک بار پھر یہ سوال اٹھا دیا ہے کہ اگر امریکا کا اہم ترین تحقیقاتی ادارہ بھی ہیکرز سے محفوظ نہیں تو اس کے حساس ڈیٹا اور قومی سکیورٹی نظام کو کس حد تک تحفظ حاصل ہے؟