وزیر دفاع خواجہ آصف کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خط پر ردعمل سامنے آگیا

وزیر دفاع خواجہ آصف کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خط پر ردعمل سامنے آگیا

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خط کے حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک اہم پیغام جاری کیا ہے۔

خواجہ محمد آصف نے اپنے پیغام میں کہا کہ’’ سہیل آفریدی صاحب، آپ کی قیادت میں وفاقی دارالحکومت پر حملہ ہوتا ہے اور یہ بار بار ہوتا ہے‘‘۔

وزیر دفاع کے مطابق ایسے اقدامات ریاستی نظم و نسق اور آئینی حدود کے منافی ہیں اور ان سے ملک میں سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ کی پارٹی کی قیادت، بشمول آپ، پاکستان کی وحدت پر حملہ کرتے ہیں، جو ایک تشویشناک امر ہے۔

وزیر دفاع نے سوشل میڈیا پر استعمال ہونے والی زبان پر بھی سخت تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ کے ورکرز آپ کی قیادت کی آشیرباد سے انتہائی گندی زبان سوشل میڈیا پر استعمال کرتے ہیں، جس سے نہ صرف سیاسی ماحول خراب ہوتا ہے بلکہ معاشرتی اقدار بھی متاثر ہوتی ہیں۔ خواجہ محمد آصف کے مطابق اس طرح کے رویّوں سے اس وقت بھی آئینی عہدوں کا وقار اور بین الصوبائی عزت مجروح ہو رہی ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی ایسے بندوں کو ساتھ لائے جن کے پاس اجازت نامے اور شناختی کارڈ نہیں تھے، ملک احمد خان

اپنے پیغام کے آخر میں وزیر دفاع نے مفاہمت اور ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئیں، ہم سب مل کر ان تمام باتوں کی مذمت کریں اور ان کا سدباب کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود آئینی حدود، قومی وحدت اور بین الصوبائی احترام کا خیال رکھنا تمام سیاسی قیادت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

Related Articles