کراچی میں نمائش چورنگی پر عوام کی کم حاضری اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے مختصر خطاب کے بعد جلسہ گاہ سے کارکنان کی روانگی کے ساتھ ہی صورتحال معمول پر آ گئی۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ کراچی کی عوام نے پی ٹی آئی کو عملی طور پر مسترد کر دیا، کیونکہ جلسے میں شرکت توقع کے مطابق نہیں رہی۔
سہیل آفریدی نے نمائش چورنگی پر مختصر خطاب کیا جس میں پارٹی کے مؤقف اور سیاسی پیغام کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم خطاب کا دورانیہ محدود رہا۔ خطاب کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑا گیا تھا۔
سہیل آفریدی کے روانہ ہوتے ہی کارکنان بھی آہستہ آہستہ جلسہ گاہ سے چلے گئے، جس کے نتیجے میں نمائش چورنگی مکمل طور پر کلیئر ہو گئی اور ٹریفک کی روانی بحال ہو گئی۔ پولیس حکام کے مطابق علاقے میں اب ٹریفک معمول کے مطابق چل رہا ہے اور کسی قسم کی رکاوٹ موجود نہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق جلسے میں کم حاضری اور عوامی بے رغبتی پی ٹی آئی کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ کراچی میں پارٹی کی زمینی طاقت اور مقبولیت محدود ہو چکی ہے۔ شہری حلقے بھی اس بات پر متفق ہیں کہ عوام نے پارٹی کے نعروں اور دعووں کو نظرانداز کرتے ہوئے عملی طور پر مسترد کر دیا ہے۔
نمائش چورنگی پر صورتحال معمول پر آنے کے بعد اطراف کے علاقوں میں بھی ٹریفک کا دباؤ کم ہو گیا، اور پولیس کی اضافی نفری کو واپس بلا لیا گیا۔ شہریوں نے سکھ کا سانس لیا اور ٹریفک روانی کے معمول پر آنے سے عام آمد و رفت میں آسانی پیدا ہو گئی۔