سرکاری ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خبر آگئی

سرکاری ملازمت  کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خبر آگئی

بلوچستان میں سرکاری بھرتیوں کے عمل میں ایک بڑی اور تاریخی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے جہاں پہلی بار صوبے کی تاریخ میں سرکاری آسامیوں کے لیے آن لائن ٹیسٹ کے ذریعے بھرتی عمل شروع کیا گیاہے۔ 

اس عمل کے نتیجے میں کامیاب امیدواروں کو صرف ایک گھنٹے کے اندر تقرری لیٹر جاری کیے گئے، اقدام کو شفافیت اور میرٹ کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

محکمہ خزانہ میں 111 خالی سرکاری آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل شروع کیا گیا،  امیدواروں کو کسی دفتری کارروائی یا سفارش کے بغیر آن لائن ٹیسٹ دینا پڑا، جس سے غیر قانونی راستے مکمل طور پر بند ہوگئے اور ہر تقرری میرٹ کی بنیاد پر ممکن ہوئی،  اس عمل نے نہ صرف وقت کی بچت کی بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی بحال کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت نے شفاف اور پیپر لیس بھرتیوں کا عملی آغاز کر دیا ہے، محکمہ خزانہ کو بطور پائلٹ پروجیکٹ منتخب کیا گیا ہے اور آئندہ مرحلوں میں یہی نظام دیگر محکموں میں بھی نافذ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے خوشخبری

علاوہ ازیں، آن لائن ٹیسٹ کے نتائج فوراً مرتب کیے گئے اور کامیاب امیدواروں کو صرف ایک گھنٹے میں تقرری لیٹر فراہم کر دیے گئے، جس سے بھرتیوں کے عمل میں تیزی اور شفافیت آئی۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومت کسی صورت نوکریوں کی خرید و فروخت، کرپشن یا اقربا پروری کو برداشت نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدے حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور اسی لیے نظام میں عملی اصلاحات نافذ کی جا رہی ہیں تاکہ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ قدم صوبے میں سرکاری بھرتیوں کے نظام کو روایتی سفارش اور غیر قانونی دباؤ سے پاک کرنے کی جانب ایک نمایاں پیش رفت ہے، اور امید کی جا رہی ہے کہ مستقبل میں دیگر محکموں میں بھی یہی شفاف اور جدید نظام رائج ہوگا۔

editor

Related Articles