بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے خوشخبری

بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے خوشخبری

وزارت اوورسیز پاکستانیز کی مسلسل کوششوں کے بعد پاکستانی ورکرز کے لیے یورپ میں روزگار کے دروازے کھل گئے ہیں۔

وفاقی وزیر اوورسیز چودھری سالک حسین نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ تین سال کے لیے اٹلی نے پاکستان کو ساڑھے 10 ہزار نوکریوں کا کوٹہ فراہم کر دیا ہے، اس سلسلے میں ہر سال ساڑھے تین ہزار پاکستانی ورک ویزا پر اٹلی جائیں گے، جن میں 1,500 سیزنل کوٹہ اور دو ہزار نان سیزنل کوٹہ پر ورکرز شامل ہوں گے۔

 چودھری سالک حسین نے اس موقع پر کہا کہ اٹلی کی جانب سے نوکریوں میں کوٹہ مختص کرنا ایک اہم سنگ میل ہے اور اس کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:سب سے زیادہ نوجوان کس صوبے سے بیرونِ ملک روزگار کے لیے روانہ ہوئے؟ تفصیلات جاری

ان کا کہنا تھا کہ طویل محنت اور سفارتی کوششوں کے بعد اٹلی میں پاکستانی ورک فورس کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، جو پاکستانی ہنرمند اور نیم ہنرمند ورکرز کے لیے خوش آئند خبر ہے۔

وزارت اوورسیز پاکستانیز کے ترجمان نے بتایا کہ وفاقی وزیر نے اٹلی سے خصوصی درخواست کی تھی، جو منظور کر لی گئی ہے،  اس کوٹہ کے تحت پاکستان کو شپ بریکنگ، ہاسپیٹیلی، ہیلتھ کیئر اور زراعت کے شعبوں میں ورکرز بھیجنے کی اجازت دی گئی ہے۔

 پاکستانی ورک فورس ویلڈرز، ٹیکنیشن، شیف، ویٹرز، ہاؤس کیپنگ، نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشن، فارمنگ اور کاشتکاری جیسے شعبوں میں روزگار کے مواقع حاصل کر سکے گی۔

مزید پڑھیں: کم قیمت پر براہِ راست فلائٹس، یو اے ای جانیوالے پاکستانیوں کیلئےخوشخبری

یہ اقدام نہ صرف پاکستانی ورکرز کے لیے نئے روزگار کے دروازے کھولے گا بلکہ ملکی معیشت اور بیرون ملک پاکستانیوں کی معاشی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کرے گا، وزارت اوورسیز کی کامیاب کوششوں سے پاکستانی ورک فورس کو عالمی منڈی میں ایک مضبوط مقام حاصل ہونے کی توقع ہے۔

editor

Related Articles