ٹی 20 ورلڈکپ : بھارت نے پاکستانی نژاد چار امریکی کرکٹرز کے ویزے مسترد کردیے

ٹی 20 ورلڈکپ : بھارت نے پاکستانی نژاد چار امریکی کرکٹرز کے ویزے مسترد کردیے

بھارتی حکومت نے چار پاکستانی نژاد امریکی کرکٹرز کے ویزے مسترد کر دیے ہیں جس کے بعد کھیلوں کے حلقوں اور سوشل میڈیا پر بحث شروع ہو گئی ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل امریکا کی کرکٹ ٹیم کو ایک غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے، جہاں بھارت نے پاکستانی نژاد چار امریکی کرکٹرز کے ویزے مسترد کر دیے ہیں، بھارت ایک بار پھر کھیل میں سیاست لے آیا ہے اور پاکستانی پس منظر کی وجہ سے ان کھلاڑیوں کو ویزا نہیں جاری کیا گیا ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جن کھلاڑیوں کو ویزے جاری نہیں کیے گئے ان میں علی خان، شایان جہانگیر، محمد محسن اور احسان عادل شامل ہیں،  یہ چاروں کھلاڑی امریکا کی جانب سے ٹی 20 ورلڈ کپ میں نمائندگی کر رہے ہیں اور ٹیم کے اہم ستون سمجھے جاتے ہیں۔

اس معاملے پر فاسٹ باؤلرعلی خان نے سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کی جس کے عنوان میں انہوں نے بتایا کہ بھارتی حکومت نے ان کی ویزا درخواست مسترد کر دی ہے، جس کے باعث ٹیم کی تیاریوں کو شدید دھچکا لگا ہے۔

یہ صورتحال اس لیے بھی زیادہ تشویشناک  ہے کیونکہ گروپ اے میں شامل امریکا کے زیادہ تر میچز بھارت میں شیڈول ہیں۔ امریکا کو 7 فروری کو ممبئی کے تاریخی وانکھنڈے اسٹیڈیم میں میزبان بھارت کے خلاف پہلا بڑا مقابلہ کھیلنا ہے، جس کے بعد چنئی میں نیدرلینڈز اور نمیبیا کے خلاف میچز ہونے ہیں۔

مزید جانیئے: پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے ابتدائی اسکواڈ آئی سی سی کو ارسال

ذرائع کے مطابق اگر ویزے کا یہ مسئلہ جلد حل نہ ہوا تو امریکی ٹیم کو آخری وقت میں اسکواڈ میں تبدیلیاں کرنا پڑ سکتی ہیں، جو ان کی ورلڈ کپ مہم کیلئے شدید مشکلات پیدا کر دے گا۔

دوسری جانب رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ احسان عادل اور محمد محسن کے ویزے بھی باضابطہ طور پر مسترد کر دیے گئے ہیں، جس سے صورتحال مزید خراب ہو گئی۔

editor

Related Articles