نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے پروگرام (ایس اے پی ) کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے 52ویں اجلاس کی صدارت کی، جس میں ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کی پیش رفت اور فنڈز کے استعمال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان کے مطابق اجلاس میں سماجی و اقتصادی ترقی کے ثمرات معاشرے کے تمام طبقات تک منصفانہ انداز میں پہنچانے کے طریقہ کار پر خصوصی توجہ دی گئی۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت (ایس اے پی ) فنڈز کی منصفانہ اور یکساں تقسیم یقینی بنائے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں اور حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت برقرار رکھنے اور اعلیٰ معیار کے تقاضوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
اسحاق ڈار نے ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ہدفی آبادیوں کو بنیادی سہولیات اور ضروری بنیادی ڈھانچہ مؤثر انداز میں فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کمیٹی کو مالی وسائل کے بروقت استعمال کی نگرانی کے لیے ایک مؤثر نظام وضع کرنے کی بھی ہدایت کی۔
نائب وزیراعظم نے اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے نتائج قومی پائیدار ترقی کے اہداف سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہوں، تاکہ دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کے ذریعے سماجی و اقتصادی ترقی کے مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔