آسٹریلین کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان کنفرم، 3 ٹی20 میچز سیریز کا شیڈول اور وینیو جاری

آسٹریلین کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان کنفرم، 3 ٹی20 میچز سیریز کا شیڈول اور وینیو جاری

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوری کے آخر میں آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے جس کے تحت دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔ یہ تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوں گے جبکہ سیریز کا آغاز 29 جنوری کو ہوگا۔ دیگر دو میچز 31 جنوری اور یکم فروری کو کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق تینوں ٹی 20 میچز میں ٹاس شام 5:30 بجے ہوگا جبکہ میچز کا باقاعدہ آغاز شام 6 بجے کیا جائے گا۔ اس طرح شائقین کرکٹ کو فلڈ لائٹس میں سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کا موقع ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں:چیمپئنز ٹرافی : افغانستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان اہم مقابلہ آج ہوگا

پی سی بی حکام کے مطابق آسٹریلوی ٹی 20 اسکواڈ بدھ 28 جنوری کو لاہور پہنچے گا جہاں ٹیم کو سکیورٹی اور رہائش کے خصوصی انتظامات فراہم کیے جائیں گے۔ دورہ پاکستان کے دوران آسٹریلوی ٹیم ٹریننگ سیشنز بھی قذافی اسٹیڈیم میں کرے گی۔

یہ ٹی 20 سیریز آئندہ ماہ ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 سے قبل دونوں ٹیموں کے لیے نہایت اہم سمجھی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس سیریز کے ذریعے دونوں ٹیموں کو اپنی کمزوریوں اور مضبوط پہلوؤں کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا جبکہ ممکنہ ورلڈ کپ کمبی نیشنز بھی آزما لی جائیں گی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کو گروپ اے جبکہ آسٹریلیا کو گروپ بی میں شامل کیا گیا ہے تاہم اس کے باوجود دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سیریز ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔

مزید پڑھیں:آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ مارچ 2022 کے بعد یہ آسٹریلیا کا پاکستان کا تیسرا دورہ ہوگا جو پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اور سیکیورٹی انتظامات پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔ اس سے قبل 2022 میں آسٹریلوی ٹیم نے پاکستان میں ایک ٹیسٹ سیریز، تین ون ڈے میچز اور ایک ٹی 20 میچ کھیلا تھا۔

کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا جیسے مضبوط حریف کے خلاف ہوم کنڈیشنز میں سیریز پاکستانی ٹیم کے لیے نہ صرف ورلڈ کپ کی تیاری بلکہ شائقین کے اعتماد اور جوش و خروش میں اضافے کا سبب بھی بنے گی۔a

Related Articles