بھارتی حمایت یافتہ بی ایل اے کا خاران میں پولیس اسٹیشن پر حملہ، سیکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی، 5 دہشتگرد ہلاک، متعدد دہشتگرد بھاگنے پر مجبور
Home - آزاد سیاست - بھارتی حمایت یافتہ بی ایل اے کا خاران میں پولیس اسٹیشن پر حملہ، سیکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی، 5 دہشتگرد ہلاک، متعدد دہشتگرد بھاگنے پر مجبور
: بلوچستان کے ضلع خاران میں بھارتی حمایت یافتہ کالعدم تنظیم بی ایل اے کے دہشتگردوں نے پولیس اسٹیشن اور ایک بینک پر حملہ کیا، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں حملہ آوروں کو پسپا ہونا پڑا اور متعدد دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق 50 سے 60 مسلح دہشتگرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر خاران شہر میں داخل ہوئے اور ایک منظم منصوبے کے تحت مختلف مقامات پر کارروائیاں شروع کیں۔ اطلاعات کے مطابق 20 سے 25 دہشتگردوں نے خاران پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا اور پولیس اہلکاروں کو مصروف رکھنے کے لیے شدید فائرنگ کی، جبکہ ایک دوسرے گروہ نے بینک کو لوٹنے کی کوشش کی۔ شہری علاقوں اور سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنانا دہشتگردوں کے منصوبے کا حصہ بتایا جا رہا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فرنٹیئر کور (ایف سی) اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے دستے فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوئے۔ تاہم دہشتگردوں نے شہر کے مختلف مقامات پر پہلے سے ناکہ بندیاں قائم کر رکھی تھیں اور راستے میں واقع پہاڑی علاقوں سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں دہشتگردوں کا مقابلہ کیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ابتدائی جھڑپوں میں کم از کم پانچ دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ بعد ازاں قریبی علاقوں میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر مزید کارروائی کی گئی، جہاں مزید دو سے تین دہشتگردوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔ شدید دباؤ کے باعث باقی دہشتگرد علاقہ چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں، بشمول ریڈ زون، میں مسلح عناصر اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں جاری رہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق علاقے میں بڑی تعداد میں مسلح افراد کی موجودگی کی اطلاعات تھیں، تاہم سیکیورٹی فورسز نے شہر کو گھیرے میں لے کر صورتحال پر قابو پانے کے لیے آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کو کلیئر کرنے تک سرچ اور کومبنگ آپریشن جاری رہے گا، جبکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔