سوشل میڈیا صارفین کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے،پنجاب پولیس کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر غلط، جھوٹی اور من گھڑت خبروں کی تشہیر کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی غیر مصدقہ خبر، پوسٹ یا مواد کو ری ٹویٹ، ری پوسٹ، فارورڈ یا شیئر کرنا بھی فیک نیوز پھیلانے کے زمرے میں آتا ہے اور یہ عمل قابلِ تعزیر جرم ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ فیک نیوز کا پھیلاؤ ایک سنجیدہ مسئلہ بن چکا ہے، جس سے نہ صرف افراد بلکہ ریاستی اداروں اور معاشرتی نظم کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے،ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ آئینِ پاکستان کا آرٹیکل 19 شہریوں کو آزادیٔ اظہارِ رائے کا حق ضرور دیتا ہے، تاہم یہ آزادی غیر مشروط نہیں۔
آئین اور قانون کے تحت معزز عدلیہ، ریاستی اداروں، ملکی سلامتی اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی، کردار کشی، جھوٹے الزامات اور نفرت انگیز مواد کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی، انہوں نے واضح کیا کہ آزادیٔ اظہار کے نام پر جھوٹ پھیلانا یا اداروں کو بدنام کرنا قانوناً جرم ہے۔
ترجمان نے سوشل میڈیا پر اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کی جانے والی جھوٹی میمز، جعلی پوسٹس اور گمراہ کن ویڈیوز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کا مواد کسی فرد یا ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے
یہ اقدام اخلاقی طور پر بھی غلط ہے اور قانونی طور پر بھی قابلِ گرفت جرم ہے ، اپنی ویورشپ، لائکس یا فالوورز بڑھانے کے لیے فیک نیوز، جعلی پوسٹس، اے آئی میمز اور ویڈیوز کا سہارا لینے والے افراد قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ من گھڑت، غیر مصدقہ اورجھوٹی خبروں کی سوشل میڈیا پر تشہیر پر قانون فوری طور پر حرکت میں آئے گا اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پنجاب پولیس سائبر کرائم اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت فیک نیوز پھیلانے والوں کی نگرانی کر رہی ہے اور شواہد کی بنیاد پر قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا کے استعمال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی خبر یا مواد کو شیئر کرنے سے قبل اس کی تصدیق ضرور کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہری قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے کسی بھی قسم کی فیک نیوز، جعلی پوسٹس، اے آئی میمز اور ویڈیوز کی تشہیر یا فارورڈنگ سے مکمل اجتناب کریں کیونکہ ایک غیر ذمہ دارانہ شیئر بھی کسی بڑے قانونی مسئلے کا سبب بن سکتا ہے۔