امریکا میں ایک خاتون کی 20 سال پرانی عادت اچانک اس وقت بڑی خوش قسمتی میں بدل گئی جب ان کے وہی نمبرز، جنہیں وہ برسوں سے لاٹری میں استعمال کرتی آرہی تھیں، ایک ہی ڈرا میں 3 مرتبہ انعام جیت گئے۔
ریاست میری لینڈ کے علاقے وائٹ پلینز سے تعلق رکھنے والی خاتون نے حالیہ ڈرا کے لیے اپنے روایتی نمبرز پر مشتمل تین ٹکٹس خریدے۔ انہیں شاید اندازہ بھی نہیں تھا کہ اس بار یہی نمبرز ان کی قسمت بدلنے والے ہیں۔ڈرا کے نتائج سامنے آئے تو تینوں ٹکٹس نے 50، 50 ہزار ڈالر کا انعام جیت لیا۔ یوں خاتون کو ایک ہی ڈرا میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 50 ہزار ڈالر مل گئے۔
یہ بھی پڑھیں:فرانس کے رینوائر میوزیم میں فلمی انداز کی چوری، دو قیمتی پینٹنگز چوری
خاتون نے بتایا کہ جب انہوں نے اپنے ٹکٹ پر جیتنے والے نمبرز دیکھے تو انہیں یقین نہیں آیا کہ ان کی اتنی بڑی لاٹری نکل آئی ہے۔ اس حیرت کے عالم میں انہوں نے فوراً اپنی بہن کو فون کیا اور کہا کہ وہ ٹکٹ پر درج نمبرز دیکھ کر تصدیق کرے۔ بہن نے جب نمبرز چیک کیے تو حیرت مزید بڑھ گئی، کیونکہ صرف ایک نہیں بلکہ تینوں ٹکٹس پر انعام نکلا تھا۔
خاتون کے لیے سب سے دلچسپ بات یہ تھی کہ یہ وہی نمبرز تھے جنہیں وہ گزشتہ تقریباً دو دہائیوں سے لاٹری میں استعمال کرتی آرہی تھیں۔ ایک ہی نمبرز پر مسلسل اعتماد نے بالآخر انہیں ایسا انعام دلا دیا جس کی شاید انہیں خود بھی توقع نہیں تھی۔
20 سال تک ایک جیسے نمبرز آزمانے والی خاتون کے لیے یہ صرف لاٹری جیتنے کا واقعہ نہیں بلکہ ایک ایسی اتفاقی خوش قسمتی ہے جس نے ایک ہی دن میں ان کی جیب میں ڈیڑھ لاکھ ڈالر ڈال دیے۔


