ایپل نے بدھ کو اپنے فلیگ شپ اسمارٹ فون میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے آئی فون ڈیو متعارف کرا دیا، جو کمپنی کا پہلا فولڈنگ آئی فون ہے اور اس کی قیمت 1,999 ڈالر رکھی گئی ہے۔
ایپل نے اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون iPhone Duo لانچ کردیا ہے، جسے کتاب کی طرح کھولا اور بند کیا جاسکتا ہے۔ فون کھولنے پر 7.6 انچ کا بڑا ڈسپلے سامنے آتا ہے جبکہ بند حالت میں بھی استعمال کے لیے 5.4 انچ کی بیرونی اسکرین موجود ہے۔
ڈیزائن اور ڈسپلے
iPhone Duo کا ڈیزائن مختصر اور چوڑا ہے، جسے پاسپورٹ طرز پر بنایا گیا ہے ، بند ہونے کی صورت میں فون میں 5.4 انچ کی بیرونی اسکرین جبکہ کھولنے پر 7.6 انچ کی اندرونی اسکرین دستیاب ہوتی ہے، جسے ایپل نے کسی بھی آئی فون میں استعمال ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا ڈسپلے قرار دیا ہے۔
فولڈ ایبل آئی فون کو عام اسمارٹ فون کے ساتھ ساتھ بڑے ملٹی ٹاسکنگ ڈیوائس کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، فون کھولنے کے بعد صارفین ایک ہی وقت میں مختلف ایپس کو ساتھ ساتھ چلا سکتے ہیں، جبکہ بڑی اسکرین ویڈیو، گیمنگ اور دستاویزات پر کام کے لیے بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔
ایپل نے پہلی مرتبہ کسی فولڈ ایبل آئی فون میں Apple Pencil ان پٹ کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔ دونوں ڈسپلے 120Hz تک ریفریش ریٹ کے ساتھ ProMotion ٹیکنالوجی سپورٹ کرتے ہیں۔
اندرونی اسکرین میں خصوصی سطح استعمال کی گئی ہے جو فون کھولنے پر فولڈ کے نمایاں ہونے کو کم کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے، جبکہ ڈسپلے پر خراشوں سے بچاؤ کے لیے خصوصی کوٹنگ بھی موجود ہے۔
فون کا ڈھانچہ ٹائٹینیم سے تیار کیا گیا ہے جسے سیرامک فائبرز سے مضبوط بنایا گیا ہے۔ اس میں دوسری جنریشن Ceramic Shield پروٹیکشن کے ساتھ IP68 واٹر اور ڈسٹ ریزسٹنس بھی موجود ہے۔ iPhone Duo کو Star White اور Night Sky رنگوں میں پیش کیا گیا ہے۔
فولڈ ایبل ڈیزائن کی وجہ سے ایپل نے فیس آئی ڈی کے بجائے فون کے سائیڈ پر Touch ID نصب کیا ہے، تاکہ ہارڈویئر کو نسبتاً پتلے ڈیزائن میں فٹ کیا جاسکے۔
A20 Pro چپ اور iOS 27
ایپل نے آئی فون ڈیو کو کاروباری اور پیداواری صلاحیت بڑھانے والے فون کے طور پر پیش کیا ہے، کمپنی نے بتایا کہ بڑی اسکرین پر زوم کالز کے دوران متعدد افراد کو بیک وقت دیکھا جا سکے گا، جبکہ سلیک جیسی ایپس بھی زیادہ وسیع انداز میں استعمال کی جا سکیں گی۔
فولڈ ہونے کے بعد بھی بڑی اسکرین پر ایک وقت میں متعدد ایپس کی ونڈوز کھولی جا سکیں گی، جس کا مقصد صارفین کو کام کے دوران زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔
ایپل کے مطابق آئی فون ڈیو 23 اکتوبر سے دستیاب ہوگا۔ اس میں A20 Pro چپ کے ساتھ ایپل کا تیار کردہ نیا C2 موڈیم بھی شامل ہے، جو کمپنی کی جانب سے وائرلیس ڈیٹا چپس کے لیے کوالکوم پر انحصار کم کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
فون کی بیٹری دونوں اسکرینز کے استعمال کے دوران 24 گھنٹے تک چل سکے گی، جبکہ اسے تقریباً 20 منٹ میں 50 فیصد تک چارج کیا جا سکے گا۔
Apple Intelligence کے نئے فیچرز
iPhone Duo میں iOS 27 کے ذریعے ایپل کےایپل انٹیلی جنس کے ذریعے فیچرز بھی دستیاب ہیں۔ A20 Pro کا Neural Engine ڈیوائس پر ہی مصنوعی ذہانت سے متعلق پروسیسنگ انجام دیتا ہے، جبکہ زیادہ پروسیسنگ کی ضرورت والے کاموں کے لیے Apple Intelligence کا Private Cloud Compute سسٹم بھی استعمال ہوتا ہے۔
فولڈ ایبل آئی فون میں iOS 27 کے ساتھ متعارف کرائے گئے نئے AI فیچرز بھی شامل ہیں، جن میں اپ ڈیٹ شدہ Siri تجربہ، AI کی مدد سے تصویر ایڈیٹنگ اور دیگر Apple Intelligence ٹولز شامل ہیں۔
قیمت
فولڈنگ آئی فون ڈیو کی قیمت 1,999 ڈالر (تقریباً 5 لاکھ 55 ہزار پاکستانی روپے) مقرر کی گئی ہے جس میں ٹیکس اخراجات شامل نہیں کیے گئے ہیں ۔
چینی مارکیٹ کے مدمقابل
آئی فون ڈیو کی آمد فولڈنگ فونز کی مارکیٹ میں بڑی تبدیلی لا سکتی ہے، جہاں کئی سال سے سام سنگ اور ہواوے سمیت چینی کمپنیاں نمایاں ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایپل کی اس شعبے میں انٹری فولڈنگ فونز کو عام صارفین تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، بالکل اسی طرح جیسے ایپل نے اسمارٹ واچز اور وائرلیس ایئربڈز کو مین اسٹریم بنانے میں کردار ادا کیا۔
ایپل کے مطابق فون کھلنے پر یہ اس کا اب تک کا سب سے پتلا آئی فون ہے، تاہم چینی حریف کمپنیوں کے فولڈنگ فونز کے مقابلے میں اس کی موٹائی زیادہ ہے، کمپنی کے مطابق گزشتہ مالی سال میں آئی فون سے 209.6 ارب ڈالر کی آمدنی ہوئی، جو ایپل کی مجموعی فروخت کے نصف سے بھی زیادہ ہے۔