پاکستان کرکٹ کے تجربہ کار آل راؤنڈر اور سابق کپتان شعیب ملک نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کے 10 سالہ کریئر کے دوران فیلڈ پر اور فیلڈ کے باہر ہر لمحے سے انہیں بے حد لطف آیا۔
اب وقت آ گیا ہے کہ وہ اس شاندار سفر کو ختم کریں انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں کرکٹ کی بہتری کے لیے اپنی خدمات ہمیشہ فراہم کرنے کے لیے تیار رہیں گے۔
شعیب ملک نے پی ایس ایل کے اب تک کے تمام 10 سیزنز کھیل کر لیگ میں اپنی شناخت بنائی۔
انہوں نے اس دوران چار مختلف ٹیموں کی نمائندگی کی، کراچی کنگز، ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ان کا تجربہ اور مہارت ٹیموں کے لیے قیمتی اثاثہ رہی ہے اور وہ لیگ کے مقبول ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔
خیال رہے کہ شعیب ملک نے پہلے ہی 2015 میں ٹیسٹ کرکٹ سے اور 2019 میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رکھا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے انہوں نے باقاعدہ ریٹائرمنٹ تو نہیں لیلیکن 2021 کے بعد سے قومی ٹیم کی نمائندگی نہیں کی، اب پی ایس ایل سے ریٹائرمنٹ کے بعد شعیب ملک کی بین الاقوامی اور فرنچائز کرکٹ میں شرکت کا دور ختم ہو گیا ہے۔
ماہرین اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شعیب ملک کی ریٹائرمنٹ لیگ کے لیے ایک اہم لمحہ ہے کیونکہ وہ نہ صرف ایک تجربہ کار آل راؤنڈر تھے بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے رہنمائی اور قیادت کا اہم ذریعہ بھی رہے ہیں۔
اس اعلان کے ساتھ ہی شعیب ملک کے مداحوں اور کرکٹ کمیونٹی نے انہیں کرکٹ کے لیے ان کی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے مستقبل کے منصوبوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔