وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل اور شہداء کے مقدس خون کی بدولت پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے،انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس پاکستان کو ایک بڑے معرکے کا سامنا تھا ۔
قوم متحد رہی اور مسلح افواج نے جرات و بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا،انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کامیابیوں میں پاک فوج کا کردار انتہائی اہم ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ سال جنگ جیتی اور ہماری افواج نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان جو جنگ لڑ رہا ہے، اس کی مثال دنیا کے کسی اور ملک میں نہیں ملتی، اس جنگ میں پاک فوج نے بے شمار قربانیاں دی ہیں، جن کے نتیجے میں آج ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔
وزیر دفاع نے خیبر پختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہاں دہشت گردی کے خلاف اصل لڑائی پاک فوج لڑ رہی ہے، اس جدوجہد میں صوبائی حکومت کا کوئی نمایاں کردار نظر نہیں آتا اور وہ اس جنگ میں تماشائی بنی ہوئی ہے، جبکہ فوج جانوں کی قربانیاں دے رہی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاک فوج نے اپنے سے کئی گنا طاقتور دشمن کو شکست دی ہے،انہوں نے کہا کہ دشمن کو ایسی بھرپور شکست کا سامنا کرنا پڑا کہ عالمی سطح پر بھی اس کا اعتراف کیا گیا اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد مرتبہ بھارتی طیارے مار گرائے جانے کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ معرکہ حق تھا جو پاکستان کی افواج نے حق کے لیے لڑاتاریخ ان شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی ان کا کہنا تھا کہ چند ماہ قبل پاکستانی پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں 140 ویں نمبر پر تھا جو اب بہتر ہو کر 98 ویں نمبر پر آ چکا ہے، جو ملک کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔