پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا سلسلہ برقرار، موٹرویز ٹریفک کیلئے بند

پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا سلسلہ برقرار، موٹرویز ٹریفک کیلئے بند

پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا قبضہ برقرار رہنے سے موٹرویز آج بی ٹریفک کے لیے بند کردی گئیں۔

موٹروے حکام کے مطابق دھند کے باعث موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، ایم 3 فیض پور سے سمندری تک بند کر دی گئی، جبکہ موٹروے ایم 4 پر شام کوٹ سے عبد الحکیم تک گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہے۔

مین شاہراہوں پر لاہور، مانگا منڈی، پھول نگر اور پتوکی میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا ہے، ترجمان موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کو فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

حالیہ مغربی سسٹم کے تحت ملک کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں مسلسل برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں جس سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا جبکہ شدید سردی سے درجہ حرارت مزید گر گیا۔

دیر بالا کے مقام گوالدی میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کئی گاڑیاں مسافروں سمیت پھنس گئیں، وام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ حکومتی مشینری غائب ہوگئی۔

دیر بالا شرینگل فارسٹ کالونی کے مقام پر فیلڈر گاڑی برفباری میں پھسل کر کھائی میں جا گری جس کے سبب 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں شدید دھند کا راج برقرار، حدِ نگاہ انتہائی کم ،متعدد موٹر ویز بند

پشاور شہر اور گردونواح میں کل شامل سے شروع ہونے والی بارش آج صبح رک گئی تھی تاہم کچھ وقفے کے بعد بارش دوبارہ شروع ہوگئی جس کے سبب سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔

خیبر پختون خوا کے میدانی علاقوں میں بھی کل رات سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے جبکہ بالائی علاقوں و پہاڑوں پر موسم سرما کی برفباری کا تیسرا اسپیل جاری ہے۔

چترال شہر اور مضافات میں دوبارہ ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، چار دن قبل چترال میں برفباری کے بعد یہ دوسرا مرحلہ ہے۔ لواری ٹنل ایریا، کالاش ویلیز، مڈک لشٹ اور گرم چشمہ میں گزشتہ رات سے برفباری جاری جبکہ اپر چترال میں شندور، لاسپور اور یارخون میں برفباری ہو رہی۔

لواری ٹنل روڈ پر برفباری کے دوران بھی سنو کلیئرنس سے ٹریفک حسب معمول جاری ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے لواری ٹنل ایریا میں گاڑیوں کو سنو چین کے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

چترال میں برفباری سے سردی مزید بڑھ گئی جبکہ لوگوں کو تاپنے کے لیے جلانے کی لکڑی کی مانگ بڑھ گئی جس کے باعث لکڑی کی دستیابی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ چترال میں لکڑی فروخت کرنے والے منہ مانگی قیمت وصول کر رہے ہیں۔

editor

Related Articles