بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران کھلاڑیوں کے لیے سخت پالیسی اپنا لی گئی ، جس کے تحت کھلاڑی ٹورنامنٹ کے دوران اپنے اہل خانہ کے ساتھ قیام نہیں کر سکیں گے۔
بی سی سی آئی نے ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے اہلِ خانہ کو ساتھ رکھنے کی درخواست مسترد کر دی ہے، بورڈ نے واضح کر دیا کہ اسکواڈ کے اراکین فیملیز ساتھ نہیں رکھ سکتے۔
اس فیصلے کا مقصد کھلاڑیوں کی تمام تر توجہ صرف کھیل اور ٹیم میٹنگز پر مرکوز رکھنا ہے، بھارتی بورڈ نے ٹیم مینجمنٹ کو جواب دیا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ ان کی فیملیز نہیں رہ سکتیں، اگر کھلاڑی چاہیں تو وہ اپنی فیملیز کے لیے الگ انتظامات کر سکتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل بھارتی اسکواڈ کو 45 روز سے زائد کے ٹور پر زیادہ سے زیادہ 14 روز تک فیملیز ساتھ رکھنے کی اجازت ہے، تاہم موجودہ ایونٹ کے دوران یہ اجازت نہیں دی گئی۔
بھارتی ٹیم گروپ مرحلے کے 3 میچز اپنے ہی ملک میں کھیلے گی، جبکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل باہمی سیریز کے دوران بھی کھلاڑیوں کو فیملیز ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔