رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس پشاور میں جاری ہے، جس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کر رہے ہیں۔ اجلاس میں ملک کے مختلف حصوں سے موصول ہونے والی شہادتوں، موسمی صورتحال اور فلکیاتی معلومات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ رمضان المبارک کے آغاز سے متعلق متفقہ اور مستند اعلان کیا جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی جاری ہیں۔ لاہور میں ہونے والے اجلاس کی صدارت ڈی جی اوقاف و مذہبی امور شاہد حسن کلیانی کر رہے ہیں۔ ان اجلاسوں میں مقامی سطح پر چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں جمع کی جا رہی ہیں، جو بعد ازاں مرکزی کمیٹی کو ارسال کی جائیں گی۔ حتمی اعلان کا اختیار صرف مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے پاس ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چاند 7 بجکر 3منٹ تک نظر آسکتا ہے ،غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 25 گھنٹے ہوگی، جو رویت کے لیے موزوں سمجھی جاتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مطلع صاف رہا تو چاند نظر آنے کا قوی امکان موجود ہے۔ تاہم لاہور اور گردونواح میں بادلوں کی موجودگی کے باعث چاند دیکھنے میں دشواری پیش آ سکتی ہے، جس سے وہاں رویت کے امکانات نسبتاً کم ہو سکتے ہیں۔
ملک بھر کے عوام کی نظریں اس وقت پشاور میں جاری اجلاس پر مرکوز ہیں، اور چاند نظر آنے یا نہ آنے کا باضابطہ اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پریس کانفرنس کے ذریعے کریں گے، جس کے بعد رمضان المبارک کے آغاز کی تاریخ کا تعین ہو جائے گا۔