سعودی عرب میں آج چاند نظر نہ آنے کی صورت میں پہلا روزہ کب ہوگا، اعلان ہوگیا

سعودی عرب میں آج چاند نظر نہ آنے کی صورت میں پہلا روزہ کب ہوگا، اعلان ہوگیا

سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں آج رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آج مغرب کے بعد چاند دیکھنے کی کوشش کریں اور شہادت کی صورت میں قریبی عدالت کو اطلاع دیں۔

سعودی حکام کے مطابق اگر آج چاند نظر آ گیا تو ملک میں پہلا روزہ بدھ 18 فروری کو ہوگا، جبکہ چاند نظر نہ آنے کی صورت میں شعبان کے 30 دن مکمل کیے جائیں گے اور پہلا روزہ جمعرات 19 فروری کو رکھا جائے گا۔ اس حوالے سے حتمی اعلان چاند کی رویت کے بعد سرکاری طور پر کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت نے رمضان میں پکوڑوں اور سموسوں کے بھی ریٹ مقرر کر دیے،نوٹیفکیشن جاری

خلیجی ممالک میں عموماً سعودی عرب کے اعلان کی پیروی کی جاتی ہے، تاہم ہر ملک اپنی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے مطابق باضابطہ اعلان کرتا ہے۔ ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ چاند کی پیدائش اور غروب آفتاب کے اوقات کو مدنظر رکھتے ہوئے بعض علاقوں میں رویت کا امکان موجود ہے، تاہم حتمی فیصلہ عینی شہادت پر ہوگا۔

دوسری جانب پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل بدھ کو طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین کمیٹی کریں گے جبکہ زونل کمیٹیاں بھی اپنے اپنے علاقوں میں شہادتیں اکٹھی کریں گی۔

محکمہ موسمیات اور سپارکو حکام بھی اجلاس میں فلکیاتی معلومات فراہم کریں گے تاکہ شہادتوں کی جانچ پڑتال میں مدد مل سکے۔ اگر پاکستان میں کل چاند نظر آ گیا تو پہلا روزہ جمعرات کو ہوگا، بصورت دیگر شعبان کے 30 دن مکمل کر کے رمضان المبارک کا آغاز جمعہ کو ہوگا۔

رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر مساجد، بازاروں اور گھروں میں تیاریاں زوروں پر ہیں، جبکہ شہری چاند رات کے اعلان کے منتظر ہیں۔ اس مقدس مہینے کی آمد کے ساتھ ہی عبادات، سحر و افطار کی رونقیں اور فلاحی سرگرمیوں کا سلسلہ بھی شروع ہو جائے گا۔

Related Articles