پہاڑوں میں موجود سونا اور دیگر قیمتی معدنیات قدرتی کٹاؤ، بارشوں اور دریاؤں کے بہاؤ کے ذریعے اپنے اصل مقامات سے نکل کر دور دراز میدانی علاقوں تک پہنچ سکتے ہیں۔ چٹانوں کے ٹوٹنے سے آزاد ہونے والے معدنی ذرات پانی اور تلچھٹ کے ساتھ سفر کرتے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ دریاؤں کی ریت، بجری اور کنکروں کی تہوں میں جمع ہوجاتے ہیں۔ ارضیات میں اس قدرتی عمل کو پلیسر ڈپازٹس (Placer Deposits) کہا جاتا ہے۔
یہی سائنسی اصول دریائے سندھ کے کنارے واقع اٹک اور اس کے گردونواح میں سونے کی تلاش کو اہم بناتا ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے، جیولوجیکل سروے آف پاکستان کی تاریخی تحقیقات اور جدید ارضیاتی طریقہ کار اس بات کی وضاحت کرتے ہیں کہ کس طرح پہاڑی علاقوں سے نکلنے والے بھاری معدنی ذرات زیریں اور میدانی علاقوں میں جمع ہوسکتے ہیں۔
پہاڑوں کی چٹانوں سے سونے کا اخراج
قدرتی طور پر پہاڑوں میں موجود معدنی چٹانیں موسم کی شدت، بارش، درجہ حرارت میں تبدیلی، برف کے پگھلاؤ اور دریائی کٹاؤ کے باعث آہستہ آہستہ ٹوٹتی رہتی ہیں۔ ان چٹانوں میں موجود سونے اور دیگر معدنیات کے ذرات آزاد ہوکر پانی کے بہاؤ میں شامل ہوجاتے ہیں۔
سونا اپنی زیادہ کثافت کے باعث عام ریت اور مٹی کے مقابلے میں بھاری ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دریاؤں میں پانی کی رفتار کم ہونے یا بہاؤ کی سمت تبدیل ہونے پر سونے کے ذرات نسبتاً زیادہ مقدار میں مخصوص مقامات پر جمع ہوسکتے ہیں۔ دریاؤں کے موڑ، بڑی چٹانوں کے پیچھے، بجری کی تہوں اور سیلابی میدانوں میں ایسے قدرتی ذخائر تشکیل پاسکتے ہیں۔
اٹک اور میانوالی کیوں اہم ہیں؟
پہاڑی علاقوں سے نکلنے والے دریا جب میدانی علاقوں میں داخل ہوتے ہیں تو ان کے بہاؤ کی رفتار اور نوعیت تبدیل ہوجاتی ہے۔ پانی کی رفتار کم ہونے سے ریت، مٹی، کنکر اور بھاری معدنی ذرات مختلف تہوں میں جمع ہونے لگتے ہیں۔
دریائے سندھ کا اٹک کے مقام سے گزرنا اس علاقے کو پلیسر معدنیات کی تلاش کے لیے اہم بناتا ہے۔ اسی طرح میانوالی اور دریائے سندھ سے منسلک دیگر زیریں علاقوں میں بھی معدنی ذرات کی موجودگی کا امکان ارضیاتی سروے کے ذریعے جانچا جاسکتا ہے۔
تاہم ہر علاقے میں سونے کی موجودگی اور اس کی مقدار الگ سائنسی تحقیق سے ہی ثابت ہوسکتی ہے۔
چھلنی اور گولڈ پین، سونے کی تلاش کا تسلیم شدہ طریقہ
سونے کی ابتدائی تلاش میں چھلنی (Sieving/Screening) اور گولڈ پین (Gold Pan) یعنی مخصوص تھالی کا استعمال دنیا بھر میں رائج سائنسی طریقوں میں شامل ہے۔
اس عمل میں سب سے پہلے دریائی ریت، بجری اور کنکروں کو چھلنی کے ذریعے مختلف سائز میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد گولڈ پین میں پانی کی مدد سے مواد کو حرکت دی جاتی ہے تاکہ ہلکے ذرات الگ ہوجائیں اور بھاری معدنی ذرات تھالی کی تہہ میں باقی رہ جائیں۔
اس طرح حاصل ہونے والے بھاری ذرات کو مزید جانچ کے لیے محفوظ کیا جاتا ہے۔ ان میں سونے کی موجودگی اور مقدار معلوم کرنے کے لیے لیبارٹری تجزیہ کیا جاتا ہےیہ بات بھی اہم ہے کہ تھالی میں سونے کے چند ذرات ملنا کسی علاقے میں لاکھوں تولے سونے کے تجارتی ذخیرے کا ثبوت نہیں ہوتا۔ اس کے لیے نمونوں کی تعداد، ان میں سونے کی مقدار، معدنی تہوں کی موٹائی، پھیلاؤ اور مزید ڈرلنگ کے نتائج درکار ہوتے ہیں۔
جیولوجیکل سروے آف پاکستان کی 1975 کی تحقیق
پاکستان میں دریائے سندھ اور دیگر دریاؤں میں پلیسر معدنیات کی تلاش نئی بات نہیں۔ جیولوجیکل سروے آف پاکستان نے 1975 میں دریائے سندھ، گلگت، ہنزہ اور چترال کے دریاؤں میں پلیسر معدنی ذخائر کی تحقیقات کی تھیں۔
اس تحقیق میں دریائے سندھ کے مختلف مقامات پر ریت، بجری اور دیگر تلچھٹی مواد کے نمونے حاصل کیے گئے۔ تربیلا اور اٹک کے علاقوں کو بھی اس سروے میں شامل کیا گیا، جہاں 39 مقامات سے نمونے جمع کیے گئے۔
تحقیق کے دوران اٹک فورٹ، منسر کیمپ، شیخ چور، غازی پور اور سوبرا کے اطراف سونے کے ذرات کی موجودگی اور مقدار کا جائزہ لیا گیا۔ اس وقت کے نتائج نے واضح کیا کہ دریائے سندھ کی تلچھٹی تہوں میں سونے سمیت دیگر بھاری معدنیات کی موجودگی کا امکان موجود ہے۔
غازی بروتھا سے اٹک خورد تک 32 کلومیٹر کا علاقہ
اٹک میں سونے کی تلاش کے حوالے سے اہم پیش رفت غازی بروتھا سے اٹک خورد پل تک دریائے سندھ کے تقریباً 32 کلومیٹر طویل حصے میں کی گئی تحقیقات ہیں،اس منصوبے کے تحت دریائی تہوں، ریت، بجری اور معدنی مواد کے نمونے حاصل کیے گئے۔ سطحی نمونوں کی جانچ کے ساتھ جیو فزیکل سروے اور دیگر ارضیاتی طریقے بھی استعمال کیے گئے تاکہ علاقے میں معدنی ذخائر کی نوعیت اور پھیلاؤ کا اندازہ لگایا جاسکے۔
اس تحقیق کی بنیاد پر 28 لاکھ تولے سونے کا تخمینہ سامنے آیا، جسے ابتدائی ارضیاتی وسائل (Inferred Resource) کے زمرے میں رکھا گیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ دستیاب ارضیاتی شواہد اور نمونوں کی بنیاد پر سونے کے ممکنہ ذخیرے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، تاہم اسے مکمل طور پر ثابت شدہ یا قابلِ استخراج ذخیرہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔
133 نمونے اور مزید تحقیقات
اس منصوبے کے ابتدائی مراحل میں 133 نمونے جمع کرکے لیبارٹری تجزیے کے لیے بھیجے گئے۔ اس کے بعد مزید تحقیقات کے لیے 30 بور ہولز کی تجویز سامنے آئی تاکہ دریائی تہوں کے اندر موجود معدنیات کی مقدار اور پھیلاؤ کا زیادہ واضح اندازہ لگایا جاسکے۔
جدید ارضیاتی تحقیق میں صرف سطح پر ملنے والے ذرات کو بنیاد نہیں بنایا جاتا بلکہ زیرِ زمین تہوں کی گہرائی، معدنی ارتکاز اور مختلف مقامات سے حاصل ہونے والے نمونوں کا تقابلی جائزہ بھی لیا جاتا ہے۔
29 اگست 2026 کا نیسپاک ٹینڈر
اٹک میں پلیسر گولڈ کی تلاش کے منصوبے میں ایک اہم پیش رفت 29 اگست 2026 کو سامنے آئی، جب نیسپاک کی جانب سے ضلع اٹک کے چار پلیسر گولڈ بلاکس APG-1، APG-02، APG-04 اور APG-5 کے لیے ایکسپلوریشن اسٹڈیز کا ٹینڈر جاری کیا گیا۔
اس ٹینڈر کا مقصد ان بلاکس میں مزید ارضیاتی تحقیقات اور معدنی وسائل کی جانچ کے لیے کام حاصل کرنا تھا۔ یہ پیش رفت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ اٹک کے معدنی وسائل کی مزید سائنسی جانچ اور ان کی ممکنہ معاشی افادیت کا تعین منصوبے کے اہم مراحل میں شامل ہے،تاہم ٹینڈر کا اجرا بذاتِ خود سونے کے ذخائر کی حتمی تصدیق یا تجارتی کان کنی کی منظوری نہیں ہے۔
سونے کے ساتھ دیگر قیمتی معدنیات بھی موجود
دریائے سندھ کے اٹک والے حصے کی تحقیقات میں صرف سونے ہی نہیں بلکہ دیگر معدنیات کی موجودگی بھی سامنے آئی ہے۔ ان میں چاندی، زنک، نکل، مینگنیز، سیسہ، تانبا اور کوبالٹ شامل ہیں،یہ معدنیات صنعتی اور معاشی اعتبار سے بھی اہمیت رکھتی ہیں۔ ان کی مقدار، معیار اور قابلِ استعمال ہونے کا تعین مزید لیبارٹری تحقیقات اور معدنیاتی سروے کے ذریعے کیا جاسکتا ہے۔
28 لاکھ تولے، حقیقت اور مزید تصدیق
اٹک میں 28 لاکھ تولے سونے کا تخمینہ ایک اہم ارضیاتی پیش رفت ہے، لیکن اس کے ساتھ یہ سمجھنا بھی ضروری ہے کہ ابتدائی تخمینہ، ثابت شدہ ذخیرہ اور قابلِ استخراج سونا ایک جیسے تصورات نہیں ہیں،کسی بھی معدنی منصوبے میں حتمی مقدار معلوم کرنے کے لیے مزید ڈرلنگ، لیبارٹری ٹیسٹ، ذخیرے کی حدود کا تعین، سونے کی اوسط مقدار اور کان کنی کی لاگت کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
اگر مزید تحقیقات سے اس تخمینے کی تصدیق ہوتی ہے تو دریائے سندھ کے کنارے موجود یہ معدنی وسائل پاکستان کے لیے ایک اہم معاشی موقع بن سکتے ہیں۔ اس سے نہ صرف معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پیدا ہوں گے بلکہ مقامی روزگار اور صنعتی سرگرمیوں کو بھی فروغ مل سکتا ہے۔
