پاکستان میں کاروباری روز کے دوران سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 700 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 10 ہزار 936 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 600 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 52 ہزار 311 روپے ہوگئی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان رہا، جہاں فی اونس سونا 7 ڈالر سستا ہوکر 3 ہزار 884 ڈالر کی سطح پر آگیا۔
دوسری جانب ملک میں چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ چاندی 124 روپے سستی ہوکر 5 ہزار 343 روپے کی ہوگئی۔
واضح رہے کہ سونے کو روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری تصور کیا جاتا ہے اور معاشی و سیاسی غیر یقینی صورتحال کے ساتھ ساتھ افراط زر کے دوران اس کی طلب اور قیمت میں اضافہ دیکھا جاتا ہے۔
سونا صدیوں سے دولت محفوظ رکھنے اور کرنسی کے متبادل کے طور پر استعمال ہوتا رہا ہے۔ سرمایہ کار دیگر اثاثوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہونے پر اکثر سونے میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیتے ہیں۔
پاکستان میں سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت عالمی مارکیٹ کے نرخ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کرنے کا طریقہ اختیار کیا گیا۔
