افغان طالبان کی جارحیت کیخلاف پاک فوج کی بھرپور اور طاقتور جوابی کارروائیاں جاری ہیں ۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ نے قندھار میں فضائی حملے کے دوران افغان فوج کے ہیڈ کوارٹرز کو مؤثر انداز میں نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان رجیم کی جارحیت کیخلاف پاک فوج کامیابی سے افغان طالبان کی عسکری تنصیبات کو تباہ کر رہی ہیں ، پاکستان کی مسلح افواج غیر متزلزل عزم کیساتھ ملکی سرحدوں کی حفاظت کیلئے سینہ سپر ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ آپریشن غضب للحق میں 331 طالبان رجیم کے اہلکار و خوارج ہلاک اور 500 سے زائد زخمی کر دیے گئے ہیں۔
وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے آپریشن غضب للحق کے دوران آج صبح 9 بجے تک افغان طالبان کو پہنچائے جانے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کر دیں۔
ایک بیان میں انہوں نے بتایا ہے کہ طالبان رجیم کے تباہ کیے جانے والے ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کی تعداد 163 ہو گئی، 104 طالبان چوکیوں کو مکمل تباہ کر دیا گیا، جبکہ 22 چوکیاں پاکستان کے قبضے میں آ گئیں۔
عطاء تارڑ نے بتایا ہے کہ افغانستان بھر میں 37 مقامات کو فضائی کارروائی میں مؤثر طور پر نشانہ بنایا گیا ہے۔