پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے موبائل صارفین کے بیلنس سے غیر متوقع اور غیر مجاز کٹوتیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات پر اہم بیان جاری کرتے ہوئے صارفین کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق اتھارٹی کے نوٹس میں آیا ہے کہ بعض صارفین کی جانب سے ویلیو ایڈڈ سروسز کی غیر مجاز ایکٹیویشن اور اس کے نتیجے میں بیلنس میں کٹوتیوں سے متعلق شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی اے کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صارفین کو چاہیے کہ وہ باقاعدگی سے اپنے موبائل بیلنس اور فعال سبسکرپشنز کو چیک کرتے رہیں تاکہ کسی بھی غیر ضروری کٹوتی سے بچا جا سکے۔
بیان کے مطابق ویلیو ایڈڈ سروسز میں کالر ٹیون، جسے رنگ بیک ٹون بھی کہا جاتا ہے، روزانہ ایس ایم ایس یا انٹرنیٹ بنڈلز، مسڈ کال الرٹس، موبائل گیمز، انفوٹینمنٹ الرٹس اور دیگر سبسکرپشن پر مبنی خدمات شامل ہیں۔
اتھارٹی نے واضح کیا کہ صارف کی واضح اجازت کے بغیر کسی بھی ویلیو ایڈڈ سروس کو فعال نہیں کیا جا سکتا، سروس ایکٹیویشن کے لیے عام طور پر ون ٹائم پاس ورڈ کی تصدیق اور مخصوص یو ایس ایس ڈی کوڈ ڈائل کرنا ضروری ہوتا ہے۔
اگر صارف نے نہ تو او ٹی پی شیئر کیا ہو اور نہ ہی کوئی متعلقہ کوڈ ڈائل کیا ہو تو ایسی صورت میں سروس کی ایکٹیویشن کو غیر مجاز سمجھا جائے گا۔
پی ٹی اے نے مزید ہدایت کی کہ اگر کسی صارف کو اپنے موبائل بیلنس میں بلاوجہ کٹوتی نظر آئے تو وہ فوری طور پر اپنے متعلقہ ٹیلی کام آپریٹر سے رابطہ کرے اور باقاعدہ شکایت درج کروائے۔
صارفین کو شکایت کا ریفرنس نمبر حاصل کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے تاکہ معاملے کی پیروی کی جا سکے، اگر آپریٹر مقررہ وقت میں مسئلہ حل نہ کرے تو صارفین سی ایم ایس یعنی کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے بھی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی اے ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو یقینی بنانے اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ اتھارٹی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری سروسز کی سبسکرپشن سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر شکایت درج کرائیں۔