ایشین گیمز میں پاکستان کی والی بال ٹیم کا فائنل تک پہنچنے کا خواب ٹوٹ گیا، ایران نے سیمی فائنل میں پاکستان کو تین صفر سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی
ناگویا میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں ایرانی ٹیم نے پاکستان کو اسٹریٹ سیٹس میں ہرا دیا ، ایران نے پہلا سیٹ 25-13 سے جیتا، جبکہ دوسرے اور تیسرے سیٹ میں بھی پاکستان کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور بالترتیب 25-15 اور 25-11 سے کامیابی اپنے نام کی۔
ایران کی جانب سے علی حق پرست 21 پوائنٹس کے ساتھ نمایاں رہے، پاکستان کی طرف سے علی عثمان فرید 11 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ مراد خان نے 9 اور آفاق خان نے 3 پوائنٹس بنائے۔
کوارٹر فائنل کی شاندار جیت کے بعد دھچکا
پاکستان نے اس سے ایک روز قبل کوارٹر فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 0-3 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی، اس جیت کے ساتھ پاکستان 64 سال بعد ایشین گیمز والی بال کی ٹاپ فور میں پہنچا تھا۔
تمغے کی امید باقی
اس شکست کے باوجود پاکستان کی مہم ختم نہیں ہوئی ، قومی ٹیم اب تیسری پوزیشن کا میچ کھیلے گی اور اس کے پاس کانسی کا تمغہ جیتنے کا موقع موجود ہے۔
پاکستان کل برانز میڈل میچ میں میدان میں اترے گا، جہاں اس کا مقابلہ جاپان یا چین سے ہوگا جبکہ ایران کی ٹیم تین بار کی دفاعی چیمپئن ہے اور فائنل میں پہنچ چکی ہے۔