بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علیمہ خان خان کو لاہور سے اپر مال ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی گرفتاری پولیس کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تھری ایم پی او کا حکم نامہ جاری ہونے کے بعد عمل میں لائی گئی ہے ۔ پولیس نے درخواست میں کہا تھا کہ علیمہ خان کو نقص امن کے خطرے کے پیش نظر حراست میں لینا چاہتے ہیں۔
علیمہ خان کو حراست میں لینے کے بعد لٹن تھانہ لے جایا گیا ہے، جہاں ان کی گاڑی کو بھی کھڑا کر دیا گیا ہے جب کہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے احکامات کی روشنی میں پولیس انہیں کوٹ لکھپت یا سینٹرل جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کرے گی اور یہ بھی فیصلہ کیا جائے گا کہ ایم پی او کے تحت کتنے دن تک نظر بند رکھا جا سکتا ہے یا کسی مقدمے میں گرفتاری ڈالی جائے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا۔
جیل کے ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل آنے والی خصوصی میڈیکل ٹیم واپس روانہ ہو گئی ، پمز ہسپتال کے ڈاکٹر عارف خان میڈیکل ٹیم کی سربراہی کر رہے تھے۔ میڈیکل ٹیم میں پمز اسپتال کے ماہر امراضِ چشم سمیت دیگر ڈاکٹرز شامل تھے جبکہ پیرا میڈیکل سٹاف اور طبی معائنے کے لیے ضروری آلات بھی ٹیم کے ہمراہ تھے۔