اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نیویارک روانہ

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نیویارک روانہ

پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد سے نیویارک روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ 21 سے 25 ستمبر تک وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ ہوں گے۔

وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ اس اعلیٰ سطحی ہفتے کے دوران نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ کا پروگرام وسیع اور مختلف نوعیت کی سرگرمیوں پر مشتمل ہوگا۔

بیان کے مطابق وزیرِ خارجہ اور وزیرِاعظم کشمیر کے معاملے پر او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس میں شرکت کریں گے، جس میں وہ کشمیریوں کے حقوق کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کریں گے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر ہونے والے او آئی سی کے متعدد وزارتی اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے، جن میں او آئی سی وزرائے خارجہ کا سالانہ رابطہ اجلاس اور او آئی سی رابطہ گروپ کے دیگر اجلاس شامل ہیں۔

تفصیلی بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فلسطینی کاز کے لیے پاکستان کی مضبوط حمایت کے اظہار کے طور پر نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ فلسطین کے معاملے پر ہونے والے کئی اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔

ان اجلاسوں میں آٹھ عرب اور اسلامی ممالک کے گروپ کا اجلاس اور دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے عالمی اتحاد کا اعلیٰ سطحی وزارتی اجلاس بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا مصری وزیر خارجہ سے رابطہ، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ مصنوعی ذہانت کے معاملے پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی اعلیٰ سطحی بریفنگ میں بھی خطاب کریں گے، اس کے علاوہ وہ وبائی امراض سے بچاؤ، تیاری اور ردِعمل سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ وہ اقتصادی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔

 نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ کئی ممالک کے ہم منصب وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے، جبکہ وزیرِ اعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی دوطرفہ ملاقاتوں اور دیگر سرگرمیوں میں بھی شریک ہوں گے،  ان وسیع سفارتی سرگرمیوں کے دوران وہ علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں کو اجاگر کریں گے اور اہم علاقائی و بین الاقوامی چیلنجز پر تبادلۂ خیال کریں گے۔

واضح رہے کہ  اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی آٹھ دہائیوں سے ایسا فورم ہے جہاں دنیا بھر کے ممالک جنگ اور امن، ترقی، موسمیاتی تبدیلی اور انسانی حقوق سمیت اپنے دور کے اہم ترین مسائل پر بحث کے لیے اکٹھے ہوتے آئے ہیں۔

editor

Related Articles