نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں علاقائی اور عالمی صورتحال سمیت مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کی تازہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری پیش رفت کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بھی گفتگو کی۔
ترجمان نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جسے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران خطے میں کشیدگی بڑھانے کا خواہاں نہیں، تاہم اپنی سلامتی، قومی مفادات اور سرزمین کے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
اپنے بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ ایران خطے میں امن و استحکام کے قیام کا خواہاں ہے اور کشیدگی کا دائرہ وسیع نہیں کرنا چاہتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایران کی قومی سلامتی، مفادات یا سرزمین کو کسی بھی قسم کا خطرہ لاحق ہوا تو ملک اپنے دفاع کے لیے پوری قوت کے ساتھ کارروائی کرے گا۔
صدر مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ ایران امن کی پالیسی پر کاربند ہے، تاہم اپنے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے معاملے میں کسی بھی قسم کی رعایت یا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔