پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری ہفتے کا آغاز غیر معمولی ہوا، جہاں حصص بازار نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے۔
سرمایہ کاروں کے بھرپور اعتماد کے باعث مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 90 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔
کاروبار کے آغاز پر ہی مارکیٹ مثبت زون میں داخل ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے انڈیکس میں 1200 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
بعد ازاں مجموعی طور پر 1355 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 90 ہزار 522 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا، جو پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ تیزی کے پیچھے کئی عوامل کارفرما ہیں، جن میں معاشی اشاریوں میں بہتری، کاروباری طبقے کا بڑھتا ہوا اعتماد اور مستقبل کے حوالے سے مثبت توقعات شامل ہیں۔
سرمایہ کاروں کا ماننا ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی مارکیٹ میں سرگرمی برقرار رہ سکتی ہے، خاص طور پر اگر معاشی پالیسیوں میں تسلسل اور استحکام رہا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی اگرچہ بعض سیشنز میں مندی دیکھی گئی، تاہم مجموعی طور پر بازار کا رجحان مثبت رہا تھا ، اسی تسلسل نے آج کی تاریخی تیزی کی بنیاد فراہم کی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ کی حالیہ کارکردگی اس بات کی عکاس ہے کہ سرمایہ کار معیشت کے مستقبل کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ مضبوط اور پُرامید دیکھ رہے ہیں۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی یہ ریکارڈ ساز پیش رفت نہ صرف سرمایہ کاروں کے لیے خوش آئند ہے بلکہ ملکی معیشت کے لیے بھی ایک مثبت اشارہ تصور کی جا رہی ہے۔