نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رکھی جائے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی، انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ چین پاکستان کے سفارتی اور امن کوششوں کی مسلسل حمایت جاری رکھے گا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے گفتگو کے دوران اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان کا مؤقف ہمیشہ سے یہی رہا ہے کہ تنازعات کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتکاری ہی واحد مؤثر راستہ ہے، انہوں نے کہا کہ خطے میں استحکام کے لیے تمام فریقین کو مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانا ہوگا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان پاک چین پانچ نکاتی امن اقدامات پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی، جن کا مقصد خطے میں مسائل کے پرامن حل کو آسان بنانا اور کشیدگی میں کمی لانا ہے، دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ یہ اقدامات علاقائی امن کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
نائب وزیراعظم کی اسلام آباد میں چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔