امریکی جریدے کی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکی ناکہ بندی کے باوجود گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 20 سے زائد تجارتی جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا تھا کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے ابتدائی 24 گھنٹوں میں 6 بحری جہازوں کو واپس بھیج دیا گیا، جبکہ کسی بھی ایرانی جہاز کو گزرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
سینٹ کام کے مطابق آبنائے ہرمز میں کارروائیوں کے لیے 10 ہزار سے زائد سیلرز، میرینز اور ایئرمین تعینات کیے گئے ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ پابندیاں خاص طور پر ایران کی بندرگاہوں کی جانب آنے اور جانے والے جہازوں پر لاگو ہیں۔
امریکی بیان کے مطابق ایران کے علاوہ خلیج کی دیگر تمام بندرگاہیں معمول کے مطابق بحری جہازوں کے لیے کھلی ہیں، تاہم صورتحال بدستور کشیدہ ہے اور عالمی سطح پر اس کے اثرات پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے