پنجاب ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے لائسنسنگ کے عمل میں ایک بڑی تبدیلی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت موٹر سائیکل سوار اب ایک ہی دن میں اپنا لرنر پرمٹ اور ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد لائسنس کے حصول میں ہونے والی تاخیر کو ختم کرنا اور شہریوں کو قانونی ڈرائیونگ کی طرف راغب کرنا ہے۔ اس تبدیلی کے بعد شہریوں کو بغیر کسی تاخیر کے دونوں قسم کے لائسنس مل سکیں گے۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں رواں سال اب تک 23 لاکھ 54 ہزار موٹر سائیکل لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 10 لاکھ سے زائد ریگولر ڈرائیونگ لائسنس ہیں۔ اس کے علاوہ 6 لاکھ 71 ہزار سے زائد شہریوں نے اپنے لائسنسوں کی تجدید کروائی ہے، جبکہ 7 لاکھ 10 ہزار افراد نے لرنر سروسز سے فائدہ اٹھایا۔
ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے اس بات کی وضاحت کی کہ سڑکوں پر ہونے والے حادثات کی ایک بڑی وجہ بغیر لائسنس کے موٹر سائیکل چلانا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو خبردار کیا کہ بغیر لائسنس ڈرائیوروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے اور ان پر بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ قانونی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے فوری طور پر اپنا لائسنس بنوائیں۔
قبل ازیں، لرنر لائسنس حاصل کرنے کے بعد ریگولر لائسنس کے لیے تقریباً 42 دن کا طویل انتظار کرنا پڑتا تھا، لیکن اب یہ تمام عمل تیز کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی تاخیر کا سامنا نہ ہو اور وہ فوری طور پر اپنا لائسنس حاصل کر سکیں۔