برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی ایک رپورٹ جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان نے سوڈان کو ہتھیاروں اور لڑاکا طیاروں کی فروخت روک دی ہے، اعلیٰ سطح کے پاکستانی ذرائع نے اس رپورٹ کو ’جھوٹی، بے بنیاد اور من گھڑت‘ خبر قرار دیا ہے۔
پاکستان کے اعلیٰ سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اور سوڈان کے درمیان دفاع سے متعلق کسی بھی معاہدے کو معطل یا منسوخ نہیں کیا گیا ہے۔ اس کے بجائے ذرائع نے تصدیق کی کہ دونوں ممالک کے درمیان ہتھیاروں کی فروخت کا انتظام مکمل طور پر برقرار ہے اور منصوبہ بندی کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک نے اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے فیصلے کو مسترد کر دیا
ذرائع نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اپنی معاہدے کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور طے شدہ شیڈول کے مطابق جیٹ طیاروں سمیت فوجی ساز و سامان کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائے گا۔
ذائع نے مزید کہا کہ بین الاقوامی میڈیا میں گردش کرنے والی رپورٹ دانستہ طور پر غلط معلومات کا حصہ ہے اور اسلام آباد اور خرطوم کے درمیان جاری دفاعی تعاون کی حقیقت کی عکاسی نہیں کرتی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس طرح کے گمراہ کن بیانیے سفارتی تعلقات کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور عالمی سطح پر غیر ضروری کنفیوژن پیدا کر سکتے ہیں۔

