اسلام آباد میں صحافت کی آڑ میں ملک دشمن بیانیہ پھیلانے کے الزام میں جعلی صحافی فخر الرحمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جعلی صحافی فخر الرحمان طویل عرصے سے آزادیِ رائے اور صحافت کے نام پر ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف مہم چلا رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق وہ مختلف مواقع پر متنازع بیانات دیتا رہا، جن میں بلوچستان سے متعلق دعوے، فتنہ الہندستان کی تشہیر، وزیراعظم کو جعلی قرار دینا اور پاکستان کے ثالثی کردار کو ڈرامہ کہنا شامل ہیں۔
حکام کے مطابق اس کی ملک دشمن سرگرمیوں اور سوشل میڈیا پوسٹس کے بعد نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیاہے۔ متعلقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی بھی فرد کو، چاہے وہ صحافی ہو، یوٹیوبر یا سماجی کارکن، ملک کے خلاف بیانیہ پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر “اسلام آباد پوسٹ” کے نام سے ایک اکاؤنٹ بھی زیرِ بحث ہے، جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ پاکستان مخالف بیانیہ پھیلا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ اکاؤنٹ مبینہ طور پر بھارتی اور افغان عناصر کی نگرانی میں چلایا جا رہا ہے، جبکہ شواہد میں فخر الرحمان کا اس اکاؤنٹ سے گہرا تعلق بھی ظاہر کیا گیا ہے، اور اسے اس کا ایک ایڈمن قرار دیا جا رہا ہے۔