حکومت کا بڑا فیصلہ،راشن کارڈ میں مزید افراد شامل کرنے اور گداگروں کی میپنگ کا اعلان

حکومت کا بڑا فیصلہ،راشن کارڈ میں مزید افراد شامل کرنے اور گداگروں کی میپنگ کا اعلان

حکومت نے راشن کارڈ پروگرام کو مزید وسعت دینے کے ساتھ ساتھ صوبے بھر میں گداگروں کا مکمل ڈیٹا جمع کرنے اور ان کی میپنگ کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد فلاحی اقدامات کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

مریم نواز کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کی مالی معاونت اور فلاحی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ راشن کارڈ، ہمت کارڈ اور مینارٹی کارڈ کے ذریعے اب تک 16 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہو چکے ہیں،اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال میں راشن کارڈ کے ذریعے چودہ لاکھ جبکہ ہمت کارڈ کے تحت دو لاکھ سے زائد افراد کو ماہانہ مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں :راشن کارڈ پروگرام کی درخواستوں سے متعلق اہم خبر

اجلاس میں راشن کارڈ پروگرام میں مزید 50 ہزارافراد کو شامل کرنے کی منظوری بھی دی گئی، جس سے مستحق خاندانوں کی بڑی تعداد کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ لاوارث کمسن بچوں کے لیے باقاعدہ یتیم خانے قائم کیے جائیں اور خواتین و بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں،انہوں نے وہیل چیئرز اور دیگر معاون آلات کی صفائی اور دیکھ بھال کے لیے مستند فلاحی اداروں سے تعاون حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں صنعت زار کی بہتری کے لیے نجی شعبے کو شامل کرنے اور زکوٰۃ فنڈز کے ذریعے ادویات کی فراہمی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت کا بنیادی مقصد عام آدمی کی فلاح و بہبود اور مدد فراہم کرنا ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سوشل ویلفیئر کے نظام کو یورپی ممالک کی طرز پر عوام دوست بنایا جائے گا اور محروم طبقات کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

editor

Related Articles