فضل الرحمن اور اسعد محمود گالم گلوچ کی بجائے الزامات کا جواب دیں، ثمر ہارون بلور

فضل الرحمن اور  اسعد محمود گالم گلوچ کی  بجائے  الزامات کا جواب دیں، ثمر ہارون بلور

مشیر برائے اطلاعات ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے صاحبزادے اسعد محمود گالم گلوچ اور غیر ضروری بیان بازی کے بجائے نیب اور ایف آئی اے کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کا جواب دیں اور اپنی پوزیشن واضح کریں۔

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور اسعد محمود سے متعلق سوالات انہوں نے خود نہیں اٹھائے بلکہ یہ سوالات وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے صرف متعلقہ اداروں کے نوٹسز اور ان میں موجود سوالات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر دہرایا ہے۔

ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اور اسعد محمود کو چاہیے کہ وہ ان سوالات پر اپنی پوزیشن واضح کریں اور ایف آئی اے اور نیب کی جانب سے موصول ہونے والے نوٹسز کا جواب دیں، لیکن اس کے برعکس وہ گالم گلوچ اور غیر متعلقہ باتوں پر اتر آئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ افراد چاہے ماحول کو کتنا ہی کشیدہ یا خراب کرنے کی کوشش کر لیں، اس سے ان کے خلاف شروع ہونے والی پوچھ گچھ ختم نہیں ہوگی۔

ثمر ہارون بلور نے واضح کیا کہ نیب اور ایف آئی اے کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کا جواب دینا ہی پڑے گا اور مولانا فضل الرحمان اور اسعد محمود جواب دیے بغیر ان سوالات سے جان نہیں چھڑا سکتے۔

Related Articles