فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی منزل بنانا ہمارا بنیادی مقصد ہے، ملک کی معدنی دولت کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے اور اسے پائیدار معاشی ترقی کا ذریعہ بنانے کے لیے اجتماعی قومی کوششیں ناگزیر ہیں۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ کان کنی کے پورے نظام کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ کانوں، کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتوں، منصوبوں اور اس شعبے سے وابستہ تمام افراد کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا مقصد محض خام معدنی مواد برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ سمیت پوری ویلیو چین کو ترقی دینا ہے تاکہ معدنی وسائل سے زیادہ سے زیادہ معاشی فوائد حاصل کیے جا سکیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان ایسی طویل مدتی شراکت داریوں کو فروغ دینا چاہتا ہے جو ملک اور اس کے بین الاقوامی شراکت داروں کے لیے پائیدار معاشی قدر پیدا کریں۔ معدنی شعبے کی ترقی کے ثمرات مقامی آبادیوں تک پہنچنا بھی ضروری ہے اور معدنیات سے مالا مال علاقوں کے عوام کو اپنی زندگیوں میں ٹھوس بہتری محسوس ہونی چاہیے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستانی عوام کی صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لوگ محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں اور خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی غیرمعمولی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ملکی وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں جبکہ ان مواقع کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے کی اصل طاقت عوام کا عزم اور محنت ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے زور دیا کہ پاکستان کو اب صلاحیت سے پیداوار، وعدوں سے عملی اقدامات اور خام معدنی برآمدات سے ویلیو ایڈڈ معاشی ترقی کی جانب بڑھنا ہوگا۔
انہوں نے اپنے خطاب کا اختتام ’’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘‘ کے نعرے پر کیا۔