وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم کے محافظوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میں انسدادِ اسمگلنگ ’امن میلہ پولیس چیک پوسٹ‘ پر خودکش حملے کی پرزور مذمت کی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہارِ تعزیت کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ خوارجیوں کی بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے اور اس جنگ میں زندگی کے ہر طبقے نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔