پنجاب بھر کے بیشتر اضلاع میں 2 سے 4 مئی تک شدید بارشوں اور آندھی کے آنے کا قوی امکان ہے اس حوالے سے پی ڈی ایم اے (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے الرٹ جاری کر کے دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، گجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، بھکر، لیہ، راجن پور، نورپور تھل اور ڈیرہ غازی خان اور ان کے گردونواح میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ڈی جی عمر جاوید نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں اور آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر نہ جائیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ کسانوں کو موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ سیاحوں کو شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی نصیحت کی گئی ہے۔
بلوچستان کے بعض علاقوں میں گرمی کی شدت زیادہ رہی۔ نصیرآباد، جھل مگسی، جعفرآباد اور کچھی میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ تربت اور نواب شاہ میں بھی پارہ 46 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جیکب آباد میں شدید گرمی کے باعث کچھ افراد کے بے ہوش ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
محکمہ موسمیات نے جنوبی پنجاب میں ہیٹ برسٹ سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔ اس حوالے سے کوئی باضابطہ ایڈوائزری جاری نہیں کی گئی۔ رات کے وقت درجہ حرارت 45 سے 50 ڈگری ہونے کی خبریں بھی غلط قرار دی گئی ہیں۔