باجوڑ کے علاقے ماموند میں خوارج کی جانب سے کرکٹ گراؤنڈ پر ڈرون حملہ، تین افراد زخمی

باجوڑ کے علاقے ماموند میں خوارج کی جانب سے  کرکٹ گراؤنڈ پر ڈرون حملہ، تین افراد زخمی

ضلع باجوڑ کے علاقے ماموند کی تحصیل شاہی تنگی میں کرکٹ گراؤنڈ پر ڈرون حملے کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا جب گراؤنڈ میں کرکٹ میچ جاری تھا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

قبائلی عمائدین اور مقامی عوام نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں فتنہ الخوارج کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق مارچ اور اپریل 2026 کے دوران افغانستان کی جانب سے باجوڑ کے مختلف سرحدی علاقوں، بالخصوص ماموند اور سلارزئی میں مارٹر گولے فائر کیے گئے۔ پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ افغان طالبان کی فائرنگ سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 9 افراد شہید ہوئے، جن میں 3 خواتین اور 6 معصوم بچے شامل ہیں۔

دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق فتنہ الخوارج نہتے شہریوں کو اس لیے نشانہ بنا رہے ہیں کیونکہ وہ سیکیورٹی فورسز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے کواڈ کاپٹرز کا استعمال کیا جا رہا ہے، جس کے متعدد ویڈیو شواہد بھی موجود ہیں۔

تجزیہ کاروں کا مزید کہنا ہے کہ شہری آبادی کو مسلسل نشانہ بنانے کے باعث عوام میں فتنہ الخوارج کے خلاف نفرت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ان حملوں کا مؤثر اور بھرپور جواب دیا جا رہا ہے اور کارروائیاں صرف خوارج اور افغان طالبان کی پوسٹوں اور ان کے معاون انفراسٹرکچر تک محدود رکھی جاتی ہیں۔

واضح رہے کہ فتنہ الخوارج اپنے مذموم مقاصد کے حصول اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے کواڈ کاپٹرز کا عام شہریوں کے خلاف استعمال کرتے ہیں، جس کے متعدد ویڈیو شواہد بھی سامنے آ چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی سرحدی جارحیت، پاک فوج کا منہ توڑ جواب، دشمن کی متعدد چوکیاں راکھ کے ڈھیر میں تبدیل

دوسری جانب افغان شہری کی وائرل ویڈیو پیغام میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کابل پر پاکستانی جھنڈا لہرائیں اور افغان عوام کو امارت اسلامی کے دلالوں سے آزادی دلائیں۔

ویڈیو پیغام میں افغان شہری نے پاکستانی فوج کے سربراہ سے درخواست کی کہ وہ افغان عوام کی حالت زار کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کی مدد فراہم کریں، تاکہ افغانستان میں قائم امارت اسلامی کے اثرات کا خاتمہ ہو سکے اور افغان عوام کو حقیقی آزادی حاصل ہو سکے۔

اس پیغام میں افغان شہری نے اپنی شدید پریشانی کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان افغان عوام کی حالت سدھارنے میں مدد کرے، تاکہ ملک میں امن اور استحکام واپس لایا جا سکے۔

Related Articles