بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ بند کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کل بروز پیر اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگی، عدالت نے کیس کی سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر کے روبرو مقرر کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے اس حوالے سے اپنا جواب پہلے ہی عدالت میں جمع کرایا جا چکا ہے جبکہ عدالت نے دیگر متعلقہ فریقین کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے جوابات جلد از جلد جمع کروائیں۔
اس کیس میں عمران خان کی جانب سے وکیل سلمان اکرم راجہ پیروی کر رہے ہیں، عدالت نے کیس کی تیاری کے لیے انہیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی تھی، تاہم عدالتی اجازت کے باوجود ان کی ملاقات نہیں ہو سکی تھی۔
یہ بھی پڑھیں :عمران خان کے کیسز سے متعلق بڑی خبر آگئی
یاد رہے کہ اس سے قبل فروری میں ہونے والی سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس کیس میں حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت مئی کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی تھی۔
پچھلی سماعت میں درخواست گزار کے وکیل ظفر اللہ اور عمران خان کے وکیل علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے تھے، اس موقع پر بتایا گیا تھا کہ سلمان اکرم راجہ صحت کی خرابی کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔
دورانِ سماعت عدالت نے جیل حکام سے عمران خان سے ملاقات نہ کروانے سے متعلق وضاحت بھی طلب کی تھی۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ جب تک عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی جاتی وہ جواب جمع نہیں کر سکتے۔
عدالت نے فریقین سے جواب جمع کروانے کے حوالے سے استفسار بھی کیا تھا،اب یہ کیس ایک بار پھر اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جس پر کل کی سماعت میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔