کراچی پورٹ ٹرسٹ میں حالیہ دنوں کے دوران تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جہاں مجموعی طور پر19جہازوں کی آمد جبکہ ایک جہاز کی روانگی شیڈول کی گئی ہے، اس پیش رفت کو سمندری تجارت کے شعبے میں بہتری اور بڑھتی ہوئی معاشی سرگرمیوں کا واضح اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے کراچی پورٹ کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بندرگاہ پر جہازوں کی مسلسل آمد و رفت نہ صرف تجارت میں تیزی کی علامت ہے بلکہ یہ ملکی معیشت کے لیے بھی ایک مثبت پیش رفت ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی پورٹ پر بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے باعث لاجسٹکس کا شعبہ بھی مستحکم ہو رہا ہے جس سے درآمدات اور برآمدات کے عمل میں بہتری آ رہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پورٹ پر مجموعی طور پر چوہتر ہزار چھ سو تین میٹرک ٹن کارگو ہینڈل کیا گیا، اس دوران سب سے زیادہ حصہ کنٹینرائزڈ کارگو کا رہا جو 45 ہزار 171 میٹرک ٹن ریکارڈ کیا گیا، اسی طرح درآمدات 19300 میٹرک ٹن جبکہ برآمدات 25ہزار 868 میٹرک ٹن تک پہنچ گئیں۔
کراچی پورٹ پر اس نوعیت کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں نہ صرف ملکی تجارت کے استحکام کا باعث بن رہی ہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی بندرگاہی صلاحیتوں پر اعتماد میں بھی اضافہ کر رہی ہیں۔