انسدادِ دہشتگردی عدالت نے عمران خان سے ملاقات کی درخواست مسترد کردی، درخواست گزار پر جرمانہ

انسدادِ دہشتگردی عدالت نے عمران خان سے ملاقات کی درخواست مسترد کردی، درخواست گزار پر جرمانہ

راولپنڈی کی انسدادِ دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی درخواست کو غیر ضروری اور فضول قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا ہے، عدالت نے درخواست گزار پر10ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

تفصیلات کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں حکم دیا کہ جرمانے کی رقم ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کی ڈسپنسری میں جمع کرائی جائے اور اسے غریب مریضوں کے علاج معالجے پر خرچ کیا جائے، عدالت نے واضح کیا کہ اس نوعیت کی درخواستیں عدالتی وقت کے ضیاع کا باعث بنتی ہیں۔

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے ملاقات کے طریقہ کار کا تعین پہلے ہی اسلام آباد ہائیکورٹ کر چکی ہے، اس لیے ٹرائل کورٹ اس حوالے سے کوئی متضاد حکم جاری نہیں کر سکتی۔

یہ بھی پڑھیں :عمران خان سے ملاقات کرانے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا حکم آگیا

عدالت نے نشاندہی کی کہ عمران خان جی ایچ کیو حملہ کیس میں ضمانت پر ہیں اور جوڈیشل تحویل میں نہیں، اس لیے ملاقات سے متعلق درخواست کا دائرہ کار بھی محدود ہو جاتا ہے۔

عدالت نے یہ بھی کہا کہ اس سے قبل بھی اسی نوعیت کی دو درخواستیں دائر کی جا چکی ہیں، لیکن متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کے بجائے بار بار عدالت سے رجوع کرنا مناسب نہیں۔

یاد رہے کہ وکیل فیصل ملک نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان سے ملاقات کے لیے یہ درخواست دائر کی تھی، جسے عدالت نے ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا۔

editor

Related Articles