چارسدہ: مولانا شیخ ادریس کی شہادت، گروپ نے ذمہ داری قبول کر لی

چارسدہ: مولانا شیخ ادریس کی شہادت، گروپ نے ذمہ داری قبول کر لی

خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سرپرستِ اعلیٰ اور سابق نائب اسپیکر مولانا شیخ محمد ادریس کی ٹارگٹ کلنگ کی ذمہ داری عالمی دہشت گرد تنظیم داعش(اسلامک اسٹیٹ خراسان) نے قبول کر لی ہے۔

تنظیم نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کے جنگجوؤں نے منگل کی صبح اتمانزئی کے علاقے میں مولانا ادریس کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

داعش خراسان کے بیان میں مولانا ادریس کو حکومت نواز عالمِ دین قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس حملے میں انہیں شہیدجبکہ ان کی حفاظت پر مامور دو پولیس اہلکاروں کو زخمی کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مولانا ادریس جے یو آئی (ف) کی ضلعی قیادت کے ساتھ ساتھ صوبائی سطح پر بھی ایک اہم مقام رکھتے تھے اور دہشت گردی کے خلاف سخت موقف کے لیے جانے جاتے تھے۔

دوسری جانب سابق وفاقی وزیر اور بزرگ سیاستدان حاجی غلام بلور نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور شیخ ادریس کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سابق رکن اسمبلی شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس قاتلانہ حملے میں شہید

حاجی غلام بلور نے شیخ ادریس کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس قتل کی تحقیقات میں تیزی لائی جائے اور شیخ ادریس کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے شیخ ادریس کی بلندی درجات کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔

حاجی غلام بلور نے اس موقع پر صوبہ خیبر پختونخواہ اور پورے ملک میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورا ملک بدامنی کی لپیٹ میں ہے اور حکومت کو اس مسئلے پر فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فتنہ الخوارج کی بزدلانہ کارروائیاں جاری، علما کرام اور سافٹ ٹارگٹس نشانے پر، شیخ محمد ادریس کی شہادت پر ملک بھر میں سوگ

مولانا ادریس کا شہادت سے کچھ دن قبل دیا گیا بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔ وائرل ویڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ موجودہ حکومت بالخصوص فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی خدمات کی بدولت پاکستان کو پوری دنیا میں نامور مقام حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اس بات کی گواہ ہیں کہ پوری دنیا میں پاکستان کے پاسپورٹ کی قدر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

مولانا ادریس نے مزید کہا ایران اور امریکہ جنگ میں ثالثی کرکے پاکستان نے پوری دنیا کو تیسری جنگ عظیم سے بچایا۔دنیا کے مختلف ممالک جنگوں میں مبتلا تھے لیکن فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کے بدولت ملک میں دنیا میں امن قائم ہوا۔

Related Articles