سندھ حکومت نے موٹر سائیکل استعمال کرنے والے شہریوں کیلئے اہم ریلیف اقدامات کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ایندھن پر دی جانے والی سبسڈی میں توسیع اور موٹر سائیکل سروسز پر عائد سیلز ٹیکس میں کمی شامل ہے، یہ فیصلے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں کیے گئے، جہاں عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے متعدد تجاویز منظور کی گئیں۔
سندھ کابینہ کے فیصلے کے مطابق موٹر سائیکل فیول سبسڈی پروگرام کی مدت میں اضافہ کرتے ہوئے اسے31 مئی2026 تک جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے،حکام کے مطابق اس پروگرام کے تحت لاکھوں افراد کو براہ راست مالی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جس سے عام شہریوں، بالخصوص متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک 5 لاکھ 48 ہزار سے زائد افراد اس اسکیم سے مستفید ہو چکے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر ایک ارب سے زائد رقم تقسیم کی جا چکی ہے، مئی کے مہینے کیلئے دو ارب روپے مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے تاکہ پروگرام کو مؤثر انداز میں جاری رکھا جا سکے۔
دوسری جانب سندھ کابینہ نے موٹر سائیکل پر مبنی آن لائن سفری خدمات فراہم کرنے والوں کیلئے بھی بڑا ریلیف دیا ہے، اس شعبے پر عائد سیلز ٹیکس کو پانچ فیصد سے کم کر کے دو فیصد کر دیا گیا ہے، جس سے اس پیشے سے وابستہ افراد کو مالی بوجھ میں واضح کمی کا سامنا ہوگا، حکومتی نمائندوں کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف ڈرائیورز کو فائدہ پہنچے گا بلکہ شہریوں کو بھی سستی سفری سہولت میسر آئے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلے عوامی مشکلات کو کم کرنے اور روزگار کے مواقع کو سہارا دینے کی حکمت عملی کا حصہ ہیں، جن کے مثبت اثرات آئندہ مہینوں میں مزید واضح ہوں گے۔