قذافی اسٹیڈیم لاہور کے تاریخی میدان میں آج ایک ایسا معرکہ ہونے جارہا ہے جہاں ایک طرف اعتماد سے لبریز ناقابلِ شکست گرین شرٹس ہیں اور دوسری طرف زخم خوردہ انگلش ٹیم، جو سیریز میں اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کا چوتھا میچ آج دوپہر 1:00 بجے کھیلا جائے گا تاہم، آج کا یہ مقابلہ صرف چوکے اور چھکوں تک محدود نہیں ہوگا، بلکہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی موذی مرض کینسر سے آگاہی کی بین الاقوامی مہم کے تحت ’پنک کٹ‘ زیب تن کر کے میدان میں اتریں گے، جو اس سنسنی خیز مقابلے کو ایک خاص اور جذبات سے بھرپور رنگ بخشے گا۔
گرین شرٹس کا فاتحانہ سفر
پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت بہترین فارم میں ہے اور سیریز میں اب تک ناقابلِ شکست نظر آئی ہے۔
گرین شرٹس نے اپنے سفر کا آغاز راولپنڈی میں سری لنکا کو 37 رنز سے پچھاڑ کر کیا، جس کے بعد دوسرے مقابلے میں انگلینڈ کو 87 رنز کی عبرتناک شکست دے کر اپنی برتری کا لوہا منوایا۔ اب جب کہ سیریز کا میلہ راولپنڈی سے لاہور منتقل ہو چکا ہے، بابر اعظم اور ان کے شاہینوں کی نظریں فتح کی ہیٹ ٹرک پر جمی ہیں۔ شائقینِ کرکٹ بھی اپنی ٹیم کو پنک کٹ میں ہوم گراؤنڈ پر ایک بار پھر راج کرتے دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔
انگلینڈ کی آخری امید اور فائنل تک پہنچنے کا چیلنج
دوسری جانب انگلینڈ کے لیے یہ میچ کسی امتحان سے کم نہیں ، پہلے پاکستان کے ہاتھوں بدترین شکست اور پھر تیسرے میچ میں سری لنکا کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے ناکامی نے انگلش کیمپ کو ہللا کر رکھ دیا ہے۔
سیریز میں پہلی کامیابی حاصل کرنے اور فائنل کی دوڑ میں قائم رہنے کے لیے انگلینڈ کو آج ہر حال میں فتح درکار ہے۔
قذافی اسٹیڈیم کی سازگار پچ پر جہاں پاکستان فتح کا سلسلہ برقرار رکھنے اترے گا، وہیں انگلینڈ شکست کا طوق اتار پھینکنے کے لیے جی جان لگائے گ جس کے باعث شائقین کو ایک کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔