برطانوی مارکیٹ میں پاکستانی ٹیکسٹائل کے لیے نئے مواقع، عالمی برانڈز سے روابط مضبوط بنانے کی ضرورت

برطانوی مارکیٹ میں پاکستانی ٹیکسٹائل کے لیے نئے مواقع، عالمی برانڈز سے روابط مضبوط بنانے کی ضرورت

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اپٹما آفس کے دورے کے موقع پر کہا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت پائیداری اور عالمی معیار اپنانے کے حوالے سے اہم پیش رفت کر رہی ہے۔ انہوں نے پاکستانی برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ برطانوی مارکیٹ میں دستیاب تجارتی مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور برطانیہ میں منعقد ہونے والی تجارتی نمائشوں میں بھرپور شرکت کریں۔

جین میریٹ نے کہا کہ برطانوی برانڈز اور ریٹیلرز کے ساتھ مضبوط کاروباری روابط پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان کے مطابق ٹیکنیکل ٹیکسٹائل کے شعبے میں تحقیق، جدت اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :برطانیہ میں پارکنگ جرمانے کا معاملہ،شہری نے چیٹ جی پی ٹی سے مدد لے لی

اس موقع پر چیئرمین اپٹما اسد شفیع نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے نمایاں گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی اداروں کے ساتھ تعاون سے پاکستانی ٹیکسٹائل صنعت کی مسابقت بہتر بنانے اور عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔

اسد شفیع نے مزید کہا کہ برطانوی جامعات اور تحقیقی اداروں کے ساتھ اشتراک ٹیکسٹائل کے شعبے میں نئی ٹیکنالوجی اور جدت کو فروغ دے سکتا ہے۔ انہوں نے اس ضرورت پر بھی زور دیا کہ اپٹما اور برطانوی اداروں کے درمیان عملی تعاون کے لیے ایک مؤثر فریم ورک تشکیل دیا جائے، تاکہ مشترکہ منصوبوں اور کاروباری شراکت داری کے امکانات کو حقیقت میں بدلا جا سکے۔

editor

Related Articles